تقسیم کے 70 سال: ’مواقع بہت ہیں، بس تھوڑی محنت چاہیے اور کچھ قسمت‘

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, عمردراز ننگیانہ، ریاض سہیل
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام
قیامِ پاکستان کے لیے کی جانے والی جدوجہد میں اس دور کی نوجوان نسل نے کلیدی کردار ادا کیا تھا اور بانی پاکستان کے پاس اس نومولود ریاست کے مستقبل میں نوجوانوں کے کردار کے حوالے سے بھی ایک وژن ضرور تھا۔
اس وژن کا اظہار ان کی تقاریر اور خطبات کے مطالعے سے واضح ہو جاتا ہے۔ قیامِ پاکستان سے قبل اور قیام کے بعد بھی جناح نے نوجوانوں کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا کیونکہ وہ جانتے تھے کہ ملک کا مستقبل انھی کے ہاتھ میں ہے۔
*
گذشتہ کئی دہائیوں سے شعبہ تدریس اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے منسلک رہنے والے ڈاکٹر مہدی حسن کا کہنا ہے کہ 'قابلِ افسوس بات یہ ہے کہ آنے والے وقت میں بانی پاکستان کی ان تقاریر کو نہ صرف سینسر کیا جاتا رہا بلکہ ہم اپنی نوجوان نسل کو توڑی مروڑی ہوئی تاریخ پڑھاتے ہیں۔'
جناح چاہتے تھے کہ پاکستان کا نوجوان ترقی کے سفر کو آگے لے کر چلے جس کا اظہار انہوں نے پاکستان کے طلبا کے ساتھ وزارتِ تعلیم کی ذریعے بھجوائے گئے ایک پیغام میں کیا تھا۔
انھوں نے کہا تھا کہ 'کیا آپ مستقبل کی ذمہ داریاں نبھانے کی تیاری کر رہے ہیں؟ کیا آپ اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کر رہے ہیں اور کیا آپ کے پاس تربیت ہے؟ اگر نہیں، تو جائیں اور تیاری کریں کیونکہ مستقبل کی ذمہ داریوں کے لیے تیاری کرنے کا وقت یہی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ڈاکٹر مہدی حسن کا کہنا ہے کہ صحت کی خرابی کی وجہ سے جناح پاکستان کے حوالے سے اپنے وژن کا نفاذ شاید نہیں کر پائے اور نہ ہی ان کے بعد نوجوانوں کے حوالے سے ان کے وژن پر کبھی صحیح طرح سے عمل درآمد ہو پایا۔
ان کا کہنا تھا کہ شاید یہی وجہ ہے کہ آج پاکستان دنیا میں تنہا کھڑا ہے۔ 'سنہ 2001 سے اب تک 80 ہزار سے زیادہ افراد دہشتگردی کا نشانہ بن چکے ہیں اور لوگ پاکستان آنے سے خوفزدہ ہیں۔'
تاہم تشکیلِ پاکستان کے 71 برس بعد آج پاکستان کی نئی نسل میں ایسے افراد موجود ہیں جو نہ صرف دنیا میں اپنے ملک کے بارے میں پائے جانے والے منفی تاثر سے مایوسی کا شکار نہیں بلکہ بین الاقوامی طور پر رائج طور طریقوں کو استعمال کر کے اپنی اور ملک کی ترقی کے نئے راستے کامیابی کے ساتھ تلاش کر رہے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہDaniyal Noorani/FB
’زیادہ سوچو نہیں بس کر گزرو‘
پاکستان کے دوسرے بڑے شہر اور صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے رہائشی دانیال نورانی بھی ایسے ہی پاکستانیوں میں سے ہیں۔ دانیال بیرونِ ملک سے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے بعد پاکستان لوٹے اور تین کمپنیاں قائم کیں۔
ان کی پہلی کمپنی کا نام 'کرو کچھ' ہے جس کے تحت ان کا پہلا منصوبہ بچوں کا ایک شو 'قائد سے باتیں' تھا جو اینیمیشن کی ذریعے ترتیب دیا گیا تھا۔ ٹیلیوژن پر نشر ہونے والے اس پروگرام کے ذریعے بچوں کو اچھا شہری بننے کی ترغیب دی جاتی ہے اور انھیں اخلاقیات سکھائی جاتی ہیں۔
وہ 'وکھرا سٹوڈیو" کے نام سے ایک اینیمیشن پروڈکشن ہاؤس بھی چلاتے ہیں جبکہ ان کا تیسرا کاروبار پہلی دونوں کمپنیوں کی طرح پاکستانیوں کے لیے ایک اور غیر روایتی نوعیت کا کاروبار ہے اور 'اوسم سموسہ' کے نام سے قائم دانیال کا ریستوران پاکستان کے روایتی سموسوں کے تصور میں جدت لایا ہے۔
دانیال نے یہ غیر روایتی کاروبار اس وقت شروع کیے جب پاکستان میں ایسے کاروباروں کی طرف نہ تو نوجوانوں کا رجحان تھا اور نہ ان کی حوصلہ افزائی کی جاتی تھی۔
بی بی سی اردو سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 'ڈیجیٹل مارکیٹنگ کی جگہ تو تھی اور وہ کی بھی جا رہی تھی مگر جیسے قائد سے باتیں ہے اس کے لیے ہم ابھی بھی یہ باور کروانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ معاشرے میں ایسا مواد جس سے بچوں کی تربیت ہو اس کی ضرورت ہے۔'

،تصویر کا ذریعہFacebook
ان کا کہنا تھا کہ ان کی کوشش ہے کہ اس تصور کو پختہ کیا جائے تا کہ لوگ اس کو سہارا دیں۔ وہ اس کو ٹی وی سے بڑھا کر ملک کے تمام سکولوں تک لے جانا چاہتے ہیں۔ اس حوالے سے وفاقی علاقے اور خیبر پختونخوا میں ان کے پائلٹ پراجیکٹ جاری ہیں جہاں یہ مواد تدریسی آلے کے طور پر استعمال ہو رہا ہے۔
دانیال کا ماننا ہے کہ ایک کاروباری شخصیت ہونے کی حیثیت میں مشکلات کے بارے میں زیادہ سوچتے نہیں چاہیے کیونکہ اس صورت میں آپ اسی میں پھنس کے رہ جاتے ہیں۔
ان کے مطابق ان کی کمپنی کا نام بھی اسی لیے 'کچھ کر لو' ہے۔
'کچھ کرنے ہی سے آپ آگے بڑھتے ہیں۔ آپ زیادہ سوچتے نہیں ہیں۔ بس کرنے لگ جاتے ہیں صاف نیت کے ساتھ اور امید کرتے ہیں کہ کچھ نہ کچھ ہو جائے گا۔ ہم نے صرف یہ کیا کہ ایک مسئلے کی نشاندہی کرنے کے بعد اس کے حل کے لیے کوشش شروع کر دی۔'
دانیال کا کہنا ہے کہ پاکستان کی بڑھتی ہوئی آبادی اگر ایک مسئلہ ہے تو یہ مواقع کے لحاظ سے ایک نعمتِ غیرمترقبہ بھی ہے۔
'آبادی ہمارے ملک کا ایک بڑا مسئلہ ہے مگر اسی میں شاید ہمارے لیے سب سے زیادہ مواقع بھی ہیں۔ پاکستان میں نئی ٹیکنالوجی متعارف کروانے کی حوالے سے بھی بہت زیادہ مواقع ہیں۔ مواقع بہت ہیں، بس کچھ اچھی قسمت چاہیے اور تھوڑی محنت۔'

،تصویر کا ذریعہAhmer Navi/Facebook
’مواقع کی نہیں امیجینیشن کی کمی ہے‘
دانیال ہی کی طرح غیر رسمی کاروبار میں کامیابی حاصل کرنے والے لاہور ہی کے شہری احمر نقوی بھی ان کی اس بات سے اتفاق کرتے ہیں۔
احمر ایک آن لائن کاروبار 'پٹاری' سے منسلک ہیں جو بنیادی طور پر پاکستانی گانوں اور موسیقی کی ایک ویب سائٹ اور موبائل ایپلیکیشن ہے۔
اس کمپنی کی خاص بات یہ ہے کہ اس نے پاکستان میں کاپی رائٹس کو یقینی بنایا یعنی اسے صارف مفت ڈاؤن لوڈ اور استعمال کر سکتا ہے تاہم جتنی بار بھی گانا چلتا ہے، اس کے خالق کو اس کی رائلٹی ملتی ہے۔
احمر نے اس کاروبار کا آغاز اپنے ساتھی خالد باجوہ کے ساتھ مل کر کیا۔
بی بی سی اردو سے بات کرتے ہوئے احمر کا کہنا تھا کہ 'ہمارے لیے سب سے بڑا چیلنج یہ تھا کہ ہم ایک ایسی چیز کرنے جا رہے تھے جو پاکستان میں اس سے پہلے کسی نے نہیں کی تھی۔ مگر جب آپ کو اپنے خیال پر یقین محکم ہو تو باقی تمام مشکلیں آسان ہو جاتی ہیں۔'

،تصویر کا ذریعہAlamy
'پٹاری' پر گانوں کے علاوہ آڈیو بکس یعنی صوتی کتب بھی ہیں اور مختلف مکتبۂ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کے لیے ان کی مقدس کتابیں بھی ہیں۔ پٹاری کا تمام تر مواد ان کی ٹیم تیار کرتی ہے جو کہ اب 18 افراد پر مشتمل ہے۔
احمر کے مطابق پاکستان میں مواقع کی کمی نہیں بلکہ بعض اوقات امیجینیشن یا قوتِ متصورہ کی کمی ہے۔'لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ پاکستان میں جو چیز تیار ہو رہی ہے وہ شاید ناقص معیار کی ہو گی۔ سب سے پہلے تو ہمیں اس سوچ کو بدلنے کی ضرورت ہے۔'
ان کا کہنا تھا کہ ان کی کمپنی کو فیس بک جیسی بڑی بین الاقوامی کمپنی نے الحاق کی پیشکش کی تھی اور اچھے معیار کے تمام تر تقاضوں کا مکمل جائزہ لینے کے بعد ان کے ساتھ الحاق کیا تھا۔ اس سے ان کو یقین ہو گیا کہ اگر آپ پاکستان میں کوئی مستند چیز لائیں تو ضرور چلے گی۔
'مجھے یہ لگتا ہے کہ ہم اکثر اپنی آنے والی نسلوں کو اور اپنے نوجوانوں کو یہ بتاتے رہتے ہیں کہ زیادہ امید نہ رکھو یا زیادہ سوچو نہیں جو جیسے چل رہا ہے ویسے ہی کرتے رہو، جو ایک چیز صحیح ہے اسی کے پیچھے پڑ جاؤ۔ میرے خیال میں یہ سوچ جب ہم بدلنے میں کامیاب ہو جائیں گے تو کوئی اسی چیز نہیں جو پاکستان میں کاروباری ماحول کو روکے۔'

سڑک سے چندہ لیتے ہیں، بچوں پر لگا دیتے ہیں
کاروبار کے ساتھ ساتھ پاکستانی نوجوان عوامی اور سماجی خدمت کے میدان میں بھی پیچھے نہیں اور انفرادی اور اجتماعی سطح پر اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔
کراچی کے علاقے کلفٹن میں عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے قریب روزانہ ایک لڑکی کو دیکھا جا سکتا ہے جو ہاتھ میں چندے کا ڈبہ لیے بےگھر بچوں کی تعلیم کے لیے رقم جمع کرتی ہے۔
یہ ثمرین ذوالفقار ہیں جو گذشتہ ڈیڑھ سال سے یہ کام کر رہی ہیں اور ان کا جمع کردہ چندہ قریبی پل کے نیچے ایسے بچوں کے لیے تعلیم کا سلسلہ جاری رکھنے میں مددگار ہے۔
ثمرین کا کہنا ہے کہ وہ یہاں سے گزرتے ہوئے دیکھتی تھیں کہ بچوں کو یہاں پڑھایا جارہا ہے تو روز سوچتی تھیں کہ جا کر معلوم کریں۔

بالاخر ایک روز وہاں یہاں آئیں تو انھیں اس بارے میں علم ہوا۔ 'میں نے انھیں کہا کہ گھر سے تو مدد نہیں کر سکتی اور ٹیچنگ کا تجربہ نہیں ہے، اگر بچوں کے لیے یہاں عطیات جمع کروں تو اجازت ہوگی۔انھوں نے خوش آمدید کہا۔'
ثمرین پہلے شام تین بجے سے چھ بجے تک وقت دیتی تھی لیکن اب کالج مکمل ہونے کے بعد صبح نو بجے سے شام چھ بجے تک یہاں ہوتی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ 'جب بچے عطیے کے پیسے سے کھانا کھاتے ہیں یا انھیں کتابیں ملتی ہیں تو یہ لمحات مجھے اچھے لگتے ہیں۔'
یہ سکول سیدہ انفاس علی شاہ نے شروع کیا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ انھوں نے یہ قدم 2014 میں آرمی پبلک سکول پر حملے کے بعد اٹھایا تھا۔
'اس وقت یہ ہو رہا تھا کہ بچوں کو اسلحہ چلانا سکھا دیں یا سکولوں کی دیواریں اونچی کر دیں۔ میں نے سوچا کہ میں سڑک پر پھرنے والے بےگھر بچوں کو پڑھاؤں گی کیونکہ یہی وہ بچے ہیں جو دہشت گردی کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔'

انفاس بتاتی ہیں کہ انھوں نے یہ سکول 'دو بچوں سے شروع کیا تھا اور اب اس میں درجنوں بچے ہیں۔ ہمیں مقامی یا بین الاقوامی سطح پر کوئی فنڈنگ نہیں ملتی، بس سڑک سے فنڈنگ لیتے ہیں اور ان بچوں پر خرچ کردیتے ہیں۔'
روبن ہڈ آرمی
کراچی میں ہی نوجوانوں کی ایک تنظیم ایسی بھی ہے جس کا مقصد ایسے افراد کے لیے کھانے کا انتظام کرنا ہے جو خود اس کی سکت نہیں رکھتے۔
اس 'روبن ہڈ آرمی' کے رضاکار شہر میں مختلف جگہوں سے کھانا اکٹھا کر کے غریب بستیوں میں تقسیم کرتے ہیں اور تنظیم کا دعویٰ ہے کہ گذشتہ دو سالوں میں وہ دو لاکھ لوگوں کو کھانا کھلا چکے ہیں۔
'روبن ہڈ آرمی' فروری 2015 میں پاکستان میں آئی تھی جبکہ اس سے قبل وہ انڈیا میں یہ کام کر رہی تھی۔ اس تنظیم کا کوئی دفتر نہیں اور رابطے کا ذریعہ واٹس ایپ گروپ اور فیس بک ہے۔

تنظیم کے پاکستان میں سربراہ سمیر بیگ کا کہنا ہے کہ اس تنظیم کی بنیاد رضاکار ہیں جو مختلف ریستوارنوں اور تقریبات میں بچ جانے والا کھانا جمع کرتے ہیں جسے محفوظ کر لیا جاتا ہے اور پھر ہر اتوار شہر کے مختلف علاقوں کی بستیوں اور اولڈ ایج ہاؤسزمیں تقسیم کر دیا جاتا ہے۔
کراچی میں اس وقت رابن ہڈ آرمی کے دو سو سے زائد رضاکار ہیں جن میں سے ہر فرد کو اس کام کے لیے روزانہ آدھا گھنٹہ اور اتوار کو تین گھنٹے کا وقت دینا ہوتا ہے۔
ہما شیخ ایک طالبہ ہیں جنھیں رابن ہڈ آرمی میں شامل ہوئے چھ ماہ ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اپنے ہم عمر کزن کے انتقال کے بعد ان کے دل میں لوگوں کی مدد کا خیال پیدا ہوا 'لیکن میں چاہتی تھی کہ یہ سب کچھ میں خود کروں والدین اور رشتے داروں کی مدد کے بغیر۔'
۔










