بھائی نے ’غیرت کے نام‘ پر بہن اور اس کے شوہر کو قتل کر دیا

لاش

،تصویر کا ذریعہAFP

پاکستان کے صوبے پنجاب کے شہر ملتان میں مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کے ایک واقعہ میں جواں سال لڑکے نے گولیاں مار کر اپنی بہن اور اس کے شوہر کو قتل کر دیا۔

دوہرے قتل کا یہ واقعہ منگل کو ملتان کی ایک عدالت کے احاطے میں پیش آیا جہاں کلثوم بی بی اپنے شوہر رفاقت علی کے ہمراہ لاہور ہائی کورٹ ملتان رجسٹری میں اس کے خلاف قائم مبینہ اغوا کے مقدمے کی سماعت کے لیے آ رہی تھی۔

پولیس کے مطابق صوبہ پنجاب کے علاقے راجن پور کی رہائشی کلثوم بی بی نے کچھ عرصہ قبل اپنی مرضی سے رفاقت علی سے شادی کر لی تھی۔ تاہم اس کے بعد ان کے خاندان والوں نے ان کے شوہر کے خلاف کلثوم کو اغوا کرنے کا مقدمہ درج کروا دیا تھا۔

نامہ نگار عمر دراز ننگیانہ کے مطابق اس مقدمے کی سماعت کے لیے جب دونوں میاں بیوی منگل کو عدالت کے احاطے میں پہنچے تو وہاں لڑکی کا بھائی ذولقرنین حیدر پہلے سے موجود تھا۔ اس نے ان دونوں پر فائرنگ کر دی۔

پولیس کے مطابق کلثوم بی بی موقع پر ہلاک جبکہ فائرنگ کی زد میں آ کر اس کا شوہر اور پاس سے گزرنے والا ایک وکیل زخمی ہو گئے۔

دونوں زخمیوں کو نشتر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں بعد میں لڑکی کا شوہر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

ملتان کے تھانہ کینٹ کے انچارج راؤ طارق نے بی بی سی کو بتایا کہ ملزم کو موقع سے گرفتار کر کے اس کے قبضے سے آلۂ قتل بھی برآمد کر لیا گیا۔

راؤ طارق کے مطابق قتل ہونے والے دونوں میاں بیوی کی عمریں 20 سے 22 سال کے لگ بھگ تھیں جبکہ انھیں قتل کرنے والے لڑکے کی عمر 17 سے 18 کے قریب تھی۔

ملزم کے خلاف پولیس کی مدعیت میں قتل اور عمدِ قتل کے مقدمات درج کر کے اسے بدھ کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔