نواز شریف کی نا اہلی کے بعد پارٹی نیا صدر منتخب کرے: الیکشن کمیشن

پاکستان، نواز شریف

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنپاناما لیکس کے مقدمے کے فیصلے میں سپریم کورٹ نے وزیراعظم نواز شریف کو نا اہل قرار دیا تھا

پاکستان کے الیکشن کمیشن نے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی نااہلی کے بعد حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ ن کو پارٹی کا نیا صدر منتخب کرنے کے لیے نوٹس جاری کیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے اہلکار کے مطابق یہ نوٹس پاناما لیکس کے مقدمے میں سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بینچ کے فیصلے کے روشنی میں جاری کیا گیا ہے۔ عدالتِ عظمیٰ کے فیصلے میں محمد نواز شریف کو نااہل قرار دیا گیا تھا۔

منگل کو الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کیے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ پولیٹیکل پارٹیز ایکٹ سنہ 2002 کے تحت کوئی بھی نااہل شخص پارٹی کا عہدہ نہیں رکھ سکتا۔

اس نوٹس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ نواز کے پارٹی آئین کے تحت بھی صدارت کا عہدہ ایک ہفتے سے زیادہ عرصے تک خالی نہیں رہ سکتا ہے۔

الیکشن کمیشن نے حکمران جماعت کو ہدایت کی ہے کہ وہ نیا صدر منتخب کر کے الیکشن کمیشن کو آگاہ کریں۔

نامہ نگار شہزاد ملک کے مطابق حکمران جماعت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف مسلم لیگ نواز کی صدارت کے لیے سب سے موزوں امیدوار ہیں جس پر حکمران جماعت سے تعلق رکھنے والے ارکان پارلیمنٹ کی اکثریت متفق بھی ہے۔

دوسری جانب محمد نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کا نام بھی بطور پارٹی صدر لیا جارہا ہے تاہم اس کا حتمی فیصلہ پارٹی کی سینیئر قیادت کرے گی۔

پاکستان، نواز شریف

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشننوے کی دہائی میں نواز شریف کی حکومت برطرف کیے جانے کے بعد بیگم کلثوم نواز نے سیاست میں اہم کردار ادا کیا تھا

کلثوم نواز کا نام قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120 میں ہونے والے ضمنی انتِخاب میں حکمران جماعت کی اُمیدوار کے طور پر بھی سامنے آرہا ہے۔

دوسری طرف حکمران جماعت عدالت عظمیٰ کے فیصلے کے خلاف نظرثانی کی اپیل تیار کر رہی ہے اور آئندہ ہفتے میں نطرثانی کی اپیل دائر کیے جانے کا امکان ہے۔

قانونی ماہرین کے مطابق آئین کے ارٹیکل 184 کی ذیلی شق تین کے تحت کیے گئے فیصلے میں نظر ثانی کا اختیار بڑا محدود ہوتا ہے اور اکثر مقدمات میں نطرثانی کی اپیل کی سماعت بھی سپریم کورٹ کا وہی بینچ کرتا ہے جس نے فیصلہ دیا ہوتا ہے۔

دوسری طرف اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کا جی ٹی روڈ کے ذریعے ریلی کی قیادت کرتے ہوئے اسلام آباد سے لاہور جانے کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔

عدالت کا کہنا ہے کہ ریلی کا بڑا حصہ پنجاب میں ہوگا جو کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے دائراہ اختیار میں نہیں ہے۔