پاکستان تحریک انصاف کی ویب سائٹ ہیک کر لی گئی

PTI

،تصویر کا ذریعہPTI

،تصویر کا کیپشنتحریک انصاف کی ویب سائٹ پر ہیکرز کی جانب سے مختلف پیغامات شائع کیے گئے تھے

پاکستان میں حزب اختلاف کی جماعت پاکستان تحریک انصاف کی ویب سائٹ ہیک ہونے کے بعد اب دستیاب نہیں اور رسائی کی کوشش کریں تو یو ٹیوب کے ایک صفحے پر ری ڈائریکٹ کیا جا رہا ہے۔

اس سے پہلے ہیکرز نے پی ٹی آئی کی ویب سائٹ کے صفحہ اول پر ممبر قومی اسمبلی عائشہ گلا لئی کے ایک بیان کی تصویر کے ساتھ سخت زبان میں چند پیغامات شائع کیے تھے۔

عائشہ گلا لئی نے منگل کو ایک پریس کانفرنس میں پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کے رویے کے خلاف الزامات لگانے کے بعد پارٹی چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔

عائشہ گلالئی سنہ 2013 کے عام انتخابات میں مخصوص نشستوں پر پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئی تھیں۔

’پی ٹی آئی آفیشل ویڈیوز‘ نامی چینل کی اس ویڈیو پر تبصرے

،تصویر کا ذریعہYOUTUBE

،تصویر کا کیپشنیو ٹیوب پر اس ویڈیو کے نیچے لوگ ویب سائٹ کے ہیک ہونے پر تبصرہ کرتے نظر آئے

منگل کو اُنھوں نے پاکستان تحریک انصاف کو چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے قومی اسمبلی کی نشست سے مستعفی ہونے سے انکار کر دیا تھا۔

تحریک انصاف کی ویب سائٹ پہلے ہیک ہوئی اس کے بعد کچھ دیر تک دستیاب نہیں تھی لیکن جب پاکستانی وقت کے مطابق رات ڈھائی بجے کے قریب insaf.pk تک دوبارہ رسائی حاصل کرنے کی کوشش کی گئی تو یوٹیوب پر ’پی ٹی آئی آفیشل ویڈیوز‘ نامی ایک چینل کے صفحے پر ایک ویڈیو کھل گئی جس میں تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سٹیج پر بیٹھے نظر آ رہے ہیں جبکہ لوگ نعرے لگا رہے ہیں کہ ’شیر کا شکاری آیا‘۔

PTI

،تصویر کا ذریعہPTI

،تصویر کا کیپشنہیک ہونے کے کچھ دیر بعد جب ویب سائٹ تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کی گئی تو یہ پیغام موصول ہوا

ہیکرز نے اپنے پیغام میں لکھا تھا کہ ’ہم کسی سیاسی پارٹی کے حمایتی نہیں ہیں لیکن عمران خان ہم تمھیں کبھی ووٹ نہیں دیں گے۔‘

ہیکرز کی جانب سے ویب سائٹ پر یہ پیغام بھی شائع کیا گیا تھا کہ ’ہمیں نیا پاکستان نہیں چاہیے، ہمیں اپنا پرانا پاکستان چاہیے‘۔

ہیکنگ کے اس واقعے کے بارے میں ابھی تک پی ٹی آئی کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔