پاڑہ چنار: آرمی چیف کا معاملات حل کرنے کا حکم

،تصویر کا ذریعہISPR
پاکستان کی برّی فوج کے سربراہ نے پاڑہ چنار میں عید سے قبل ہونے والے دھماکوں کے بعد شروع ہونے والے احتجاجی دھرنے کے شرکا کی جانب سے علاقے کی سکیورٹی سے متعلق معاملات فوری طور پر حل کرنے کا حکم دیا ہے۔
23 جون کو ہونے والے ان دھماکوں میں 70 سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے تھے اور یہ احتجاجی دھرنا گذشتہ آٹھ دن سے جاری تھا جس کے شرکا نے آرمی چیف قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کیے بغیر احتجاج ختم کرنے سے انکار کیا تھا۔
دھرنے کے شرکا نے جمعرات کو وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے ہلاک شدگان کے لواحقین اور زخمیوں کے لیے مالی امداد کی پیشکش کو بھی مسترد کر دیا تھا۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے جمعے کی صبح پاڑہ چنار کا دورہ کیا جہاں معاملے پر بریفنگ لینے کے بعد انھوں نے قبائلی عمائدین سے بھی ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر نے منگل کو اعلان کیا تھا کہ برّی فوج کے سربراہ پاڑہ چنار جائیں گے تاہم مبینہ طور پر موسم کی خرابی کی وجہ سے ان کا یہ دورہ جمعے کو ہی حقیقت کا روپ دھار سکا۔
اس دورے کے بارے میں صحافیوں سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے آئی ایس پی آر کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ پاڑہ چنار کے متاثرین نے آرمی چیف سے ملاقات میں کچھ سیاسی اور کچھ سکیورٹی سے متعلق مطالبات پیش کیے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ان کا کہنا تھا کہ آرمی چیف نے سکیورٹی سے متعلق خدشات کا فوری سدباب کرنے کو کہا ہے اور اس سلسلے میں پاڑہ چنار میں سیف سٹی منصوبے پر کام شروع کیا جائے گا۔

،تصویر کا ذریعہJibran Nasir
آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل کا کہنا تھا کہ ملک میں ہر جگہ کی سکیورٹی ہمارے لیے اہم اور برابر ہے اور 'پاڑہ چنار کو محفوظ بنانے کے لیے فوج کے اضافی دستے یہاں پہنچ رہے ہیں۔'
میجر جنرل آصف غفور نے یہ بھی بتایا کہ پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے کا کام شروع کر دیا گیا ہے اور پہلے مرحلے پر حساس ترین مقامات پر باڑ لگائی جائے گی۔
خیال رہے کہ وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے جمعرات کو پاڑہ چنار کے دھماکوں میں ہلاک ہونے والے افراد کے لواحقین کو دس، دس لاکھ اور زخمیوں کو پانچ پانچ لاکھ بطور زرِ تلافی دینے کا اعلان کیا گیا تاہم مرکزی دھرنے کے شرکا نے زرِ تلافی کی یہ پیشکش مسترد کر دی تھی۔
دھرنے میں شامل طوری قبیلے کے رہنما شبیر حسین ساجدی نے جمعرات کو بی بی سی اردو کے رفعت اللہ اورکزئی سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعظم کی پیشکش رد کرنے کی تصدیق کی تھی اور کہا کہ ان کا احتجاجی دھرنا اس وقت تک جاری رہے گا جب تک برّی فوج کے سربراہ قمر جاوید باجوہ بالمشافہ قبائل سے ملاقات نہیں کرتے اور ان کے مطالبات پر غور نہیں کیا جاتا۔
انھوں نے کہا کہ پاڑہ چنار شہر میں گزشتہ چار سالوں کے دوران 11 دھماکے ہوچکے ہیں جن میں سینکڑوں افراد ہلاک ہوئے ہیں۔'ہر دھماکے کے بعد سکیورٹی انتظامات سخت کیے جاتے ہیں اور تسلی دی جاتی ہے کہ آئندہ ایسے واقعات پیش نہیں آئیں گے لیکن حملے رکنے کا نام نہیں لے رہے۔'
ان کے مطابق اس معاملے کو آرمی چیف کے علاوہ کوئی حل ہی نہیں کر سکتا اس لیے قبائلی ان سے ملاقات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔










