چینی باشندوں کی ہلاکت کی خبروں کی تصدیق کرنے کی کوشش کر رہے ہیں: دفتر خارجہ

،تصویر کا ذریعہEPA
پاکستان کے دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ کوئٹہ سے اغوا کیے گئے دو چینی باشندوں کی ہلاکت کی خبروں کی تصدیق کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں رہنے والی چینی شہری ہمارے قابل احترام مہمان اور بھائی ہیں اور ہم ان کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھیں گے۔
دسوری جانب بلوچستان کے وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ کوئٹہ سے اغوا کیے گئے دو چینی باشندوں کی لاشیں ملنے تک ان کی ہلاکت کی تصدیق نہیں کی جا سکتی۔
بی بی سی سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ کی جانب سے ان افراد کی ہلاکت کی جو ویڈیو جاری کی گئی ہے اسے دیکھنے بعد بظاہر ایسا لگتا ہے چینی باشندوں کو مار دیا گیا ہے لیکن ان کی ہلاکت کی سو فیصد تصدیق اس وقت کی جاسکتی ہے جب ان کی لاشیں ملیں۔
نامہ نگار محمد کاظم کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ 'وہ ویڈیو میں نے بھی دیکھی ہے۔بظاہر تو ایسا لگتا ہے کہ وہ مارے گئے ہیں۔ یہ واقعہ انتہائی افسوناک ہے۔ چینی مغویوں کی ہلاکت کی 100 فیصد تصدیق اس وقت کی جا سکتی ہے جب ان کی لاشیں برآمد کی جائیں گی۔'
انھوں نے بتایا کہ تاحال ان مغویوں کی لاشیں نہیں ملی ہیں اور مستونگ کے اس علاقے میں تلاش کا عمل جاری ہے جہاں سے ان کے اغوا میں استعمال ہونے والی گاڑی برآمد ہوئی تھی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ان کا کہنا تھا کہ یہ وہی علاقہ ہے جہاں فوج نے گذشتہ دنوں آپریشن کے دوران کالعدم لشکر جھنگوی العالمی کے 12 شدت پسندوں کو ہلاک کیا تھا۔

،تصویر کا ذریعہAFP
وزیرِ داخلہ نے کہا کہ مارے جانے والے شدت پسندوں میں سے چند ایسے بھی تھے جن کے دولتِ اسلامیہ کے ساتھ رابطوں کا بھی انکشاف ہوا تھا۔
واضح رہے کہ جن دو چینی باشندوں کی ہلاکت کی ویڈیو جمعرات کو جاری کی گئی ہے انھیں 24 مئی کو کوئٹہ کے علاقے جناح ٹاؤن سے اغوا کیا گیا تھا۔
یہ دونوں کوئٹہ میں زبان سکھانے والے ایک مرکز سے وابستہ تھے اور اغوا کے وقت ایک اور چینی خاتون کے ہمراہ خریداری کے لیے بازار میں موجود تھے۔
اغوا کی کوشش کے دوران ایک شہری کی مزاحمت کے باعث ایک چینی خاتون اغوا ہونے سے بچ گئی تھی تاہم اغوا کار ایک چینی مرد اور خاتون کو لے جانے میں کامیاب رہے تھے۔ان افراد کے اغوا کے بعد کوئٹہ میں رہائش پذیر چھ سے زائد چینی باشندوں کو کراچی بھی منتقل کیا گیا ہے۔
کوئٹہ پولیس کے ذرائع کے مطابق جن چینی باشندوں کو کراچی لے جایا گیا وہ گذشتہ ایک سال سے کوئٹہ میں رہائش پذیر تھے تاہم انھیں جن شرائط کے تحت ویزے جاری کیے گئے تھے وہ ان کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے تھے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
ادھر چین کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے اسے بلوچستان سے اغوا ہونے والے اپنے باشندوں کی ہلاکت کی خبروں پر تشویش ہے اور اس حوالے سے مزید معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔
چینی خبر رساں ادارے ژنہوا چینی وزراتِ خارجہ کی ترجمان ہوا چن ینگ کا کہنا ہے ’ہم گذشتہ کئی دنوں سے مغویوں کو بازیاب کروانے کی کوشش کر رہے تھے۔ چینی حکام ان خبروں کی تصدیق کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور متعلقہ پاکستان حکام سے بھی رابطے میں ہیں۔‘
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ’چین شہریوں کے اغوا اور کسی بھی قسم کے تشدد اور دہشت گردی کی سختی سے مخالفت کرتا ہے۔‘









