15 سالہ پرانی بینک سٹیٹمنٹ،'طلاق کے بعد بھی وفا'

،تصویر کا ذریعہBEN STANSALL
- مصنف, طاہر عمران
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام
سوشلستان میں پاناما کی واپسی ہوئی اور اچانک خصوصی کمیشن کی کارروائی کے مندرجات میڈیا پر لیک ہونے لگے۔
دوسری جانب عمران خان کی مدد کے لیے ایک بار پھر جمائما گولڈسمتھ میدان میں بذریعہ ٹوئٹر اتر آئیں اور اس پر تبصرے بہت دلچسپ رہے۔
'طلاق کے بعد بھی وفا'

،تصویر کا ذریعہBEN STANSALL
پاکستانی سوشل میڈیا پر جمائما گولڈسمتھ اپنی اس ٹویٹ کے بعد سے موضوعِ بحث ہیں جس میں انھوں نے اپنی 15 سالہ پرانی بینک سٹیٹمنٹ کا ذکر کیا ہے جس کی مدد سے عمران خان کے خلاف کیس میں عمران خان کی پوزیشن بہتر ہو سکتی ہے۔
جمعرات کو ایک ٹویٹ میں جمائما گولڈ سمتھ نے کہا کہ 'آخر کار 15 سال پرانی بینک سٹیٹمینٹس مل گئی ہیں جو عمران خان کی منی ٹریل/ معصومیت عدالت میں ثابت کر سکتی ہیں۔ اب اصل مجرموں کو پکڑیں'۔
پی ٹی آئی کے حامی جمائما کی تعریفیں کرتے نہیں تھک رہے اور دوسرے جمائما کی وفاداری کے قصے سنا رہے ہیں۔
اجمل جامی نے جمائما کو مخاطب کر کے لکھا کہ 'عمران خان کی زندگی میں آپ سے بہتر کچھ نہیں ہوا؟'
شفاعت علی نے لکھا 'جمائما خان کردار اور عزم کی بہترین مثال ہیں' جبکہ گلوکار اور اداکار فرحان سعید نے لکھا 'کیا زبردست شخصیت ہیں۔'
طاہر خان قیصرانی نے لکھا 'آپ نے ہمیشہ بہترین کام کیا ہے آپ ایک اچھی شخصیت ہیں اس ظالم دنیا میں۔'
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
مگر جمائما کی ٹویٹ اور باتوں پر اعتراض کرنے والوں کی بھی کمی نہیں۔ عمر علی نے سوال کیا کہ 'آخر پاکستانی مرد حضرات جمائما کی جانب سے عمران کے بچاؤ کے لیے آنے پر اتنے خوش کیوں ہیں؟'
آصف بٹ نے جمائما کی گذشتہ روز کی ٹویٹ اور 5 دسمبر 2011 کی ٹویٹ کو سامنے رکھ کر پوچھا کہ'جمائما پلیز بتائیں ان دونوں باتوں میں سے کون سی سچ ہے؟'
اسی قسم کا سوال منصور جو انا الحق کے ہینڈل سے ٹویٹ کرتے ہیں نے جمائما کی چار ٹویٹس کو شیئر کر کے لکھا کہ 'ویسے جمائما بی بی بھی ایک سو اسی کی رفتار پہ یو ٹرن لینے پہ اسی طرح قادر ہیں جس طرح خاں صاحب۔‘
جمائما نے 5 دسمبر 2011 کو ٹویٹ کی تھی کہ 'عمران خان نے میرے سے کوئی پیسا نہیں لیا۔ نہ ہی وہ پاکستان سے کوئی پیسے لیں گے اُن لوگوں کی طرح جنھوں نے افواہیں شروع کیں۔'
جمائما نے مزید لکھا کہ 'میں نے عمران کو 2003 میں پیسے ادھار دیے مگر اس نے مجھے یہ ساری رقم واپس کر دی جب انھوں نے لندن کا فلیٹ بیچا تاکہ وہ اسلام آباد کے باہر اپنا گھر خرید سکے۔'
پھلوں کے بائیکاٹ سے نقصان کس کا؟

،تصویر کا ذریعہAFP
جہاں سوشل میڈیا پر پھلوں کی قیمتوں میں مہنگائی کی وجہ سے اس کے بائیکاٹ کی مہم چل رہی ہے وہیں اس کے خلاف بھی رائے سامنے آ رہی ہیں جس میں مختلف لوگ اس بائیکاٹ کی مخالفت کر رہے ہیں۔
بہت سے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ایک بزرگ ریڑھی بان کی تصویر شیئر کر رہے ہیں جو اپنی ریڑھی پر سو رہے ہیں اور ساتھ سوال لکھ رہے ہیں کہ کیا آپ اس کا بھی بائیکاٹ کریں گے۔
مریم اکسیر نے لکھا 'آپ سب کیوں برینڈڈ اشیا کے خلاف کیوں نہیں اٹھ کھڑے ہوتے جو لان کے جوڑے سات ہزار روپے میں بیچتے ہیں۔ غریبوں کو ہی کیوں مارتے ہیں جو پہلے ہی مرے ہوئے ہیں؟'
میشا فردوس نے لکھا 'اس عید پر ڈیزائنر کپڑوں کا بھی بائیکاٹ کریں تاکہ ہم ثابت کر سکیں ہم مہنگائی کے خلاف ہیں۔'
رمی خان نے لکھا 'فروٹ بائیکاٹ بہت برا ہے۔ غریب پھل فروش قیمتوں کا تعین نہیں کرتے تاجر کرتے ہیں اور یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ان کے خلاف کارروائی کرے۔'
اس ہفتے کی تصاویر

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا ذریعہAAMIR QURESHI








