’انڈین فوج کی جانب سے اقوام متحدہ کے مبصرین کی گاڑی پر فائرنگ‘

سرحد

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنآئی ایس پی آر کا انڈیا پر لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کا الزام

پاکستانی فوج نے انڈیا پر لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہا انڈین فوج نے اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین کی گاڑی پر فائرنگ کی ہے۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بدھ کی شام جاری کیے گئے بیان کے مطابق انڈین فوج نے ایل او سی کے علاقے خنجر (کھنجر) سیکٹر میں اقوام متحدہ کے ملٹری آبزرور گروپ (انموگپ) کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔

بیان کے مطابق اس گاڑی میں اقوام متحدہ کے دو اہلکار، فلپائن کے میجر ایمینؤل اور کروشیا کے میجر مِرکو سوار تھے اور گاڑی پر اقوام متحدہ کا پرچم بھی لگا ہوا تھا۔

فوج کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں دونوں افسران محفوظ رہے اور اب بحفاظت اپنے ٹھکانے پر واپس پہنچ چُکے ہیں۔

خیال رہے کہ گذشتہ کچھ عرصے سے انڈیا اور پاکستان کی جانب سے ایک دوسرے پر ایل او سی پر فائر بندی کے معاہدے کی خلاف ورزی کے الزامات لگانے کا سلسلہ جاری ہے۔

گذشتہ روز بھی انڈین فوج نے کہا تھا کہ اس نے پاکستان کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر شہری آبادی کو نشانہ بنانے پر نوشیرا سیکٹر کے علاقے میں پاکستانی فوج کی ایک چوکی تباہ کی ہے۔

تاہم پاکستان نے اسے ایک جھوٹا دعویٰ قرار دیا تھا۔

انڈین فوج کی جانب سے یہ دعویٰ منگل کو سامنے آیا جب انڈین فوج کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل (پبلک انفارمیشن) میجر جنرل اشوک نرولا نے اس مبینہ کارروائی کی ایک مختصر ویڈیو بھی جاری کی ہے جس میں پہاڑ پر قائم کچی عمارت پر بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ دیکھی جا سکتی ہے۔

انڈیا

،تصویر کا ذریعہIndian Army

،تصویر کا کیپشنانڈین فوج کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو میں ایک پہاڑ پر قائم کچی عمارت پر بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ دیکھی جا سکتی ہے

انڈیا اور پاکستان کے درمیان لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کوئی نئی بات نہیں لیکن یہ شاید پہلا موقع ہے کہ انڈین فوج کے ایک اعلیٰ اہلکار نے باضابطہ طور پر اس کا اعلان کیا ہے اور ساتھ ہی ثبوت کے طور پر ایک ویڈیو بھی جاری کی ہے۔

اس سے پہلے گذشتہ برس ستمبر میں بھارتی فوج نے پاکستانی سرزمین پر 'سرجیکل سٹرائیکس' کرنے کا دعویٰ بھی کیا تھا لیکن اس وقت میڈیا کے مطالبات کے باوجود کوئی ویڈیو جاری نہیں کی گئی تھی۔