بلوچستان: ضلع کیچ میں دھماکہ، چار ایف سی اہلکار ہلاک

،تصویر کا ذریعہAFP
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع کیچ میں بم کے ایک دھماکے میں فرنٹیئر کور کے چار اہلکار ہلاک اور تین زخمی ہوئے گئے ہیں۔
کیچ میں انتظامیہ کے ایک اہلکار نے بتایا یہ واقعہ ضلع کی تحصیل مند کے علاقے گواک میں پیش آیا۔
کوئٹہ سے ہمارے نامہ نگار محمد کاظم سے بات کرتے ہوئے اہلکار کا کہنا تھا کہ گواک میں نامعلوم افراد نے سڑک کنارے دھماکہ خیز مواد نصب کیا تھا۔
یہ دھماکہ خیز مواد اس وقت پھٹا جب ایف سی اہلکاروں کا قافلہ مند میں آپریشن کے بعد واپس آ رہا تھا۔
قافلے میں شامل ایک گاڑی دھماکے سے بری طرح سے متائثر ہوئی اور اس میں سوار چار ایف سی اہلکار ہلاک اور تین زخمی ہوئے۔
بلوچستان کے وزیر اعلیٰ نواب ثنا اللہ زہری نے سکیورٹی اہلکاروں پر حملے کی مذمت کی ہے۔
ضلع کیچ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے جنوب مغرب میں واقع ہے ۔
یہ بلوچستان کا ایران سے متصل سرحدی ضلع ہے ۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس ضلع کا شمار بلوچستان کے ان علاقوں میں ہوتا ہے جہاں حالات کی خرابی کے بعد سے بدامنی کے واقعات کمی و بیشی کے ساتھ تسلسل کے ساتھ پیش آرہے ہیں۔
سیکورٹی اہلکاروں پر بم حملے سے قبل انتظامیہ کے اہلکار کے مطابق ضلع کے علاقے زامران میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کے حملے میں دو افراد ہلاک ہوئے ۔
اس ضلع میں مردم شماری کے دوران تین ہفتے قبل مردم شماری سے منسلک دو اساتذہ کو بھی اغوا کیا گیا تھا۔
تاہم سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ پہلے کے مقابلے میں کیچ اور اس سے متصل دیگر علاقوں میں حالات میں بہتری آئی ہے ۔







