فوجی عدالتیں پھر آئین کا حصہ بن گئیں

،تصویر کا ذریعہGetty Images
پاکستان میں صدرِ مملکت نے فوجی عدالتوں کی مدت میں دو سال کی توسیع اور فوجی ایکٹ میں ترمیم سے متعلق 23ویں آئینی ترمیم کی منظوری دے دی ہے جس کے بعد یہ ترمیم آئین کا حصہ بن گئی ہے۔
23ویں آئینی ترمیم قومی اسمبلی سے منظور ہو چکی ہے تاہم اس بل پر رائے شماری کے دوران مختلف سیاسی جماعتوں نے اس پر اپنے شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا۔
پاکستان کی ایوانِ بالا یعنی سینیٹ میں جن تین سینیٹرز نے 23 ویں ترمیم کی مخالفت میں ووٹ دیے ان میں پختونخوا ملی عوامی پارٹی کی گل بشریٰ، عثمان کاکڑ اور اعظم خان موسیٰ خیل شامل ہیں۔
پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سردار اعظم خان موسیٰ خیل نے فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کے بل کی منظوری کے دن کو 'سیاہ دن' قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’ہم نے خود دہشت گردوں کو پالا، آج جمہوری لوگ فوجی عدالتوں کے مددگار ہیں۔‘
انھوں نے اس بل کی حمایت نہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تمام اراکین پارلیمنٹ ’پاناما لیکس پر فوجی عدالت قائم کرنے پر ہرگز تیار نہ ہوں گے۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
رائے شماری سے قبل ہونے والی بحث کے دوران سینیٹر سحر کامران نے اس دن کو ’پارلیمان کی شکست‘ کا دن قرار دیا جس پر چیئرمین سینٹ رضا ربانی نے کہا کہ پارلیمان کو شکست نہیں دی جا سکتی، ’پارلیمنٹ سمجھوتہ کرتی ہے۔‘
واضح رہے کہ جنوری 2015 میں فوجی عدالتوں کے قیام سے متعلق 21 ویں آئینی ترمیم پارلیمنٹ میں منظور کی گئی تھی۔








