پاکستان میں دس ماہ بعد امریکی ڈرون حملہ، دو افراد ہلاک

،تصویر کا ذریعہAFP
پاکستان کے قبائلی علاقے کرم ایجنسی میں حکام کے مطابق امریکی ڈرون حملے میں دو افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
مقامی پولیٹکل انتظامیہ نے بی بی سی کو بتایا کہ لوئر کرم ایجنسی میں جعمرات کی دوپہر کو پاک افغان سرحد کے قریب سرہ غوڑگا اور احمدی شمع کے علاقے کے درمیان موٹر سائیکل سوار دو افراد کو ڈرون حملے میں نشانہ بنایا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ حملے میں دونوں افراد مارے گئے جبکہ ان کی شناخت شاکر اور قاری عبداللہ کے نام سے ہوئی ہے۔
نامہ نگار عزیز اللہ خان کے مطابق ہلاک ہونے دونوں افراد افغان طالبان بتائے جاتے ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے پہلے پاکستان کی سرزمین پر آخری حملہ گذشتہ سال مئی میں صوبہ بلوچستان ضلع نوشکی میں کیا گیا تھا۔
اس حملے میں افغان طالبان کے سربراہ ملا منصور اختر ہلاک ہو گئے تھے۔
اس حملے پر پاکستان نے امریکی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کر کے احتجاج ریکارڈ کروایا تھا۔
پاکستان کے مطابق امریکی ڈرون حملہ پاکستان کی سالمیت اور جغرافیائی خود مختاری اور اقوام متحدہ کے چارٹر جو کہ تمام ممبر ممالک کی سرحدی خومختاری کی ضمانت دیتا ہے کی خلاف ورزی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ماضی میں قبائلی علاقوں میں امریکی ڈرون حملے معمول بن گئے تھے جنھیں پاکستان کے خدشات اور احتجاج کے باوجود امریکہ شدت پسندی کے خلاف موثر ہتھیار قرار دیتا رہا ہے۔







