’بچی سے زیادتی‘: مقدمہ درج، چیف جسٹس کا نوٹس

،تصویر کا ذریعہReuters
پولیس نے کراچی میں سات سالہ بچی کے ساتھ مبینہ زیادتی اور تشدد کا مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ سپریم کورٹ نے بھی اس واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔
ابراہیم حیدری تھانے کے سب انسپیکٹر امانت فیروز کی مدعیت میں جنسی زیادتی اور تشدد کے الزام میں نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
مقدمے کے مدعی نے بتایا کہ جمعرات کو دوپہر تین بجے کے قریب ایدھی رضاکار نے اطلاع دی کہ برساتی نالے سے انھیں زخمی حالت میں ایک بچی ملی ہے جس کا گلہ کٹا ہوا ہے اور وہ بے ہوش ہے۔
پولیس بچی کو لے کر جناح ہپستال پہنچی جہاں ابتدائی معائنے میں یہ معلوم ہوا کہ اس کے ساتھ جنسی زیادتی کی گئی ہے۔ اس کا گلا کٹا ہوا تھا جب کہ بائیں بازو پر بھی تشدد کا نشان ہے۔
سول ہپستال میں زیر علاج سویرا کو اب ٹراما سینٹر سے وارڈ میں منتقل کردیا گیا ہے۔
سول ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر ذوالفقار سیال کا کہنا ہے کہ جب سویرا کو ہپستال لایا گیا تھا تو وہ بے ہوش تھیں تاہم اب ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انھوں نے بتایا کہ سویرا کے گلے کا آپریشن کردیا گیا ہے اور مزید طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
پولیس کے مطابق سویرا کورنگی کی رہائشی ہیں اور وہ اپنے والدین کی غیرموجودگی میں گھر سے باہر نکل گئیں۔
ادھر تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل نے بچی کے ورثا کی تلاش شروع کر دی ہے۔
حلیم عادل نے بتایا کہ انھوں نے سویرا کی تصاویر کے پمفلٹ بنوائے اور مقامی افراد اور رضاکاروں میں تقسیم کیے۔ وہ اس سکول میں بھی گئے جس کے بارے میں شبہ ظاہر کیا جارہا تھا کہ سویرا وہاں پڑھتی ہیں۔
تحریکِ انصاف کے رہنما کے مطابق انھوں نے بچی کے والدین کا پتہ لگا لیا ہے جو لیبر کالونی کے رہائشی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’بچی کو جنسی زیادتی کے بعد قتل کرنے کی کوشش کی گئی ہے‘۔
دوسری جانب سپریم کورٹ کی جانب سے جاری کیے جانے والے ایک بیان کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے کراچی میں مبینہ جنسی زیادتی کا شکار ہونے والی سات سالہ بچی کے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔







