ملک کا اگلا وزیراعظم بنوں گا: بلاول بھٹو زرداری

،تصویر کا ذریعہFareed Khan
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں کامیابی حاصل کر کے، وہ ملک کے اگلے وزیراعظم بننے والے ہیں۔
لاہور میں پاکستان پیپلزپارٹی کے 49ویں یوم تاسیس کے حوالے بلاول ہاؤس میں ہونے والی ایک تقریب میں خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آنے والے عام انتخابات میں پیپلزپارٹی تمام صوبوں میں شاندار کامیابی کا ریکارڈ بنانے جا رہی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک اس وقت ایک نازک مرحلے سے گزر رہا ہے، اسی لیے ہمیں ایک لائق وزیر داخلہ کی ضرورت ہے جو کہ پارلیمنٹ کے سامنے جوبدہ ہوں۔
انھوں نے کہا کہ اگر چودھری نثار کو نہیں ہٹایا گیا اور ہمارے مطالبات نہیں مانے گئے تو ’گو نواز گو‘ کا نعرہ پورے پاکستان میں گونجے گا۔
یاد رہے کہ بلاول بھٹو زرداری اس سے پہلے بھی نواز حکومت سے کہہ چکے ہیں کہ اگر ان کے مطالبات منظور نہ ہوئے تو وہ لانگ مارچ کریں گے۔
ان کے چار مطالبات یہ ہیں:
- سابق صدر آصف زرداری کے دور میں اقتصادی راہداری پر ہونے والی اے پی سی کی قرار دادوں پر عمل ہونا چاہیے۔
- پاناما لیکس پر پیپلزپارٹی کے بل کو منظور کیا جائے۔
- فوری طور پر ملک میں مستقل وزیرخارجہ کو تعینات کیا جائے۔
- پارلیمنٹ کی نیشنل سکیورٹی کمیٹی کو ازسر نو تشکیل دیا جائے۔
جمعے کے روز ہونے والی اس تقریب میں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے اعلان کیا کہ وہ اپنے آبائی حلقہ سے انتخاب لڑیں گے لیکن اس کے وقت کا فیصلہ پارٹی کرے گی۔
انھوں نے وزیراعظم نواز شریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اگر نواز شریف تین مرتبہ وزیراعظم بن کر بھی اس عہدے کی ذمہ داریاں نبھانے کے لیے تیار نہیں تو یہ کام میں کر لوں گا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس موقع پر مرکزی رہنما سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ ہماری پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت اور اس کے استحکام کے لیے قربانیاں دی ہیں اور یہ جدوجہد بلاروک جاری رہے گی۔









