پشاور میں پولیس کی گاڑی پر فائرنگ سے ایک اے ایس آئی ہلاک

،تصویر کا ذریعہGetty Images
- مصنف, رفعت اللہ اورکزئئ
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں حکام کا کہنا ہے کہ پولیس کی گاڑی پر ہونے والے ایک حملے میں ایک اے ایس آئی ہلاک اور تین اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ پیر کی شام دلہ زاق روڈ پر امن چوک کے قریب پہاڑی پورہ پولیس سٹیشن کی حدود میں پیش آیا۔
پہاڑی پورہ پولیس سٹیشن کے ایک اہلکار گلاخان نے بی بی سی کو بتایا کہ پولیس کی پیٹرولنگ سکواڈ معمول کے گشت پر تھے کہ اس دوران موٹر سائیکل پر سوار مسلح افراد نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس سے پولیس کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر عصمت اللہ ہلاک اور تین اہلکار زخمی ہوئے۔
انھوں نے کہا کہ فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پشاور پولیس کے ایک ترجمان نے بی بی سی کو بتایا کہ یہ حملہ پیٹرولنگ سکواڈ پر کیا گیا ہے جس کا اجراء چند دن پہلے کیا گیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ یہ سکواڈ تقریباً 20گاڑیوں پر مشتمل پولیس فورس ہے جس کا کام شہر میں کسی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں فوری ردعمل دینا ہے۔
ادھر اس واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پہنچی اور سارے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ پہاڑی پورہ پولیس کے انچارج کے مطابق جائے وقوعہ اور آس پاس کے علاقوں میں سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
خیال رہے کہ پشاور شہر میں ایک عرصہ سے ہدف بناکر قتل کے واقعات کا سلسلہ جاری ہے جس میں بیشتر وارداتوں میں پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ ان حملوں کی ذمہ داری وقتاً فوقتاً کالعدم تنظیمیں قبول کرتی رہی ہے۔







