’یو ٹرن کا غصہ سوشل میڈیا پر‘

،تصویر کا ذریعہAP
- مصنف, طاہر عمران
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام
سوشلستان میں اس ہفتے پی ٹی آئی کے احتجاج اور اس کے خلاف چلنے والے ٹرینڈز سرِفہرست رہے بلکہ اس وقت بھی اگر ہم صفِ اول کے ٹرینڈز پر نظر ڈالیں تو ہمیں اسی قسم کے ٹرینڈز اب بھی دکھائی دیتے ہیں مگر یہ سب تو 'تنخواہ دار ٹوئٹر جہادیوں' کے چلائے ہوئے ہیں مگر اس کے پیچھے چھپی اور بھی کہانیاں ہیں۔
'پی ٹی آئی کی قیادت سے نالاں نوجوان'

،تصویر کا ذریعہTwitter
پی ٹی آئی کے اسلام آباد کو لاک ڈاؤن کرنے کے اعلان اور منصوبے اور پھر سپریم کورٹ کی جانب سے فیصلے کے بعد 'یو ٹرن' نے پی ٹی آئی کے بہت سے کارکنوں کو بد دل کیا جو کھلے عام اب قیادت کے فیصلوں اور بہت سی باتوں پر تبصرے کر رہے ہیں۔
پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ٹیم سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کی ٹویٹس پر نظر ڈالنے اور چند ایسی شخصیات سے بات کرنے سے اندازہ ہوتا ہے کہ اندرونِ خانہ قیادت کی سیاسی حکمتِ عملی کے حوالے سے کیا چل رہا ہے۔
جہاں پی ٹی آئی کے سرگرم کارکن لاک ڈاؤن پر ’یو ٹرن‘ کے حوالے سے سوالات کر رہے ہیں وہیں عمران خان کی سیاست پر بھی اب کھلے عام اعتراضات کیے جا رہے ہیں اور اعتراض کرنے والے عام کارکن نہیں بلکہ پی ٹی آئی کے سرگرم کارکن ہیں جو مرکزی رہنماؤں کے ساتھ کام کرتے رہے ہیں اور سوشل میڈیا پر بہت متحرک رہے ہیں۔
جیسا کہ دانش خان جو ایک سینیئر رہنما کے ساتھ کام کرتے رہے ہیں نے یکم نومبر کو ٹویٹ کی کہ 'وہ وقت جب عمران خان چھٹیاں لیں اور برطانیہ چلے جائیں ہمیشہ کے لیے کیونکہ انھوں نے اس ملک کے نوجوانوں کے مستقبل کے ساتھ بہت کھلواڑ کر لیا ہے۔'
جس کے بعد انھوں نے لکھا 'میں نے اپنا استعفیٰ پیش کر دیا ہے جسے زبانی طور پر قبول کر لیا گیا ہے کیونکہ عمران خان کو میری اُن کے میگنا کارٹا والے بیان کے خلاف ٹویٹس پسند نہیں آئیں۔' یہ واضح نہیں کہ استعفیٰ پارٹی کی رکنیت سے ہی دیا ہے یا کسی عہدے سے۔

،تصویر کا ذریعہTwitter

،تصویر کا ذریعہTwitter
دانش خان نے عمران خان پر اعتراض کیا تھا کہ 'آپ کیسے کسی ایسے شخص پر اعتبار کر سکتے ہیں جو مدینہ کی ریاست کی باتیں کرتا تھا تاکہ عوام الناس کی توجہ حاصل کر سکے اور اب میگنا کارٹا کی باتیں کرتا ہے۔ یہ کیسے ہمارے لیے کچھ کر سکے گا؟'
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
پی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی کی جانب سے سپریم کورٹ کے سامنے دو کارکنوں کی ہلاکت کی بات کی جس پر پی ٹی آئی ہی کے کارکنوں نے سوال اٹھایا کہ پارٹی کی انتظامیہ اتنی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیسے کر سکتی ہے؟
کیونکہ پشاور سے ایک صاحب نے ٹویٹ کی کہ 'شوکت یوسفزئی اور وزیرِقانون خیبر پختونخوا نے کہ ایک کارکن کی ہلاکت ہوئی ہے احتجاج پر شیلنگ کے نتیجے میں دو بجے جنازہ تھا جب ہم تہکال پہنچے تو کوئی بھی ہلاک نہیں تھا وہاں۔'
ایک اور ٹویٹ میں لکھا گیا 'تحریکِ انصاف کے اسلام آباد کے لاک ڈاؤن کے امتحان نے پارٹی کے گفتار اور اصلی غازیوں کی نشاندہی کر دی ہے۔'
ایک کارکن نے نام نہ بتانے کی شرط پر بتایا کہ اس وقت پارٹی کے اندر ایک سے زیادہ سوشل میڈیا کے گروہ متحرک ہیں اور سب ایک دوسرے پر بازی لیجانے کے لیے وسائل کا استعمال کرتے ہیں اور پارٹی قیادت اس معاملے پر بے بس ہے۔
حالات کی سنگینی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے پارٹی قیادت ایسے چند اکاؤنٹس سے لاتعلقی کا اعلان کر چکی ہے مگر ان کے اثر رسوخ کے آگے بے بس ہے کیونکہ ایسے افراد کا قیادت کے ساتھ نظر آنا کیا معنی رکھتا ہے؟ لاتعقلی یا بے بسی؟
اس ہفتے کا تعارف

اس ہفتے ہم ذکر کریں گے ساٹھ منٹ فلم فیسٹیول کا جو نوجوانوں کی ایک منٹ کی فلموں کا میلہ ہر سال سجاتے ہیں۔ اس بار سکسٹی سیکنڈ فلم فیسٹیول بی بی سی اردو کے ساتھ مل کر غیرت کے نام پر قتل کے حوالے سے مختصر دورنیے کی ویڈیوز کے منصوبے پر کام کر رہی ہے۔ اگر آپ بھی اس میں حصہ لینا چاہتے ہیں تو اس لنک پر کلک حاصل کر سکتےہیں۔
اس ہفتے کی تصاویر

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا ذریعہAFP







