شیخوپورہ میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، ’چھ شدت پسند ہلاک‘

فائل فوٹو

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ضلع شیخو پورہ میں پنجاب پولیس کے شعبہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے ایک کارروائی کے دوران کالعدم تحریک طالبان کے چھ شدت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعوی' کیا ہے۔

یہ کارروائی سنیچر اور اتوار کی درمیانی رات شیخو پورہ بائی پاس پر کی گئی ۔ سی ٹی ڈی پنجاب کے ترجمان کے مطابق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تعلق رکھنے والے نو سے دس شدت پسند قانون نافذ کرنے والے ایک ادارے کے دفتر پر حملہ کے لیے جارہے تھے۔

لاہور سے صحافی عبدالناصر خان نے بتایا کہ ترجمان کا کہنا ہے کہ سی ٹی ڈی کی ایک ٹیم نے خفیہ اطلاع پر شدت پسندوں کا تعاقب کیا جو ایک کار اور دو موٹر سائیکلوں پر سوار تھے۔ جیسے ہی شدت پسند بائی پاس سے برانچ روڈ پر مڑے تو سی ٹی ڈی اہلکاروں نے ان کو ہتھیار ڈالنے کا کہا جس پر شدت پسندوں نے فاائرنگ شروع کر دی۔

ترجمان کے مطابق چھ شدت پسند اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارے گئے تھے جبکہ ان کے تین یا چار دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

مارے گئے شدت پسندوں سے تین کلاشنکوف، تین پستول، دو کلوگرام دھماکا خیز مواد اور گولیاں برآمد ہوئیں۔

سی ٹی ڈی کے ترجمان کے مطابق واقعہ کی تحقیقات اور فرار شدت پسندوں کی تلاش کا کام جاری ہے۔

خیال رہے کہ دو روز قبل بھی سی ٹی ڈی نے پنجاب کے ضلع ڈیرہ غازی خان میں آٹھ مشتبہ شدت پسندوں کو ہلاک کیا تھا۔ سی ٹی ڈی نے مارے گئے مشتبہ شدت پسندوں کا تعلق شدت پسند تنظیموں القاعدہ اور کالعدم تحریک طالبان سے بتایا تھا۔

پنجاب میں سی ٹی ڈی کے ہاتھوں مشتبہ شدت پسندوں کی ہلاکتوں کا یہ سلسلہ نیا نہیں ہے اس سے پہلے بھی گوجرانوالہ، شیخو پورہ لاہور اور ملتان میں اسی طرح کی بڑی کارروائیوں میں مبینہ طور پر القاعدہ،، داعش اور تحریک طالبان سے تعلق رکھنے والے کئی شدت پسندوں کو ہلاک کیا گیا تاہم ان مقابلوں میں پولیس اہل کار ہمیشہ سے محفوظ رہے ہیں۔