میانداد اور داؤد سمدھی بن گئے | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور کوچ جاوید میانداد کی بیٹے جنید میانداد اور داؤد ابراہیم کی بیٹی مہ رخ دبئی میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے۔ شادی کی تقریب دبئی کے ایک بہت بڑے ہوٹل میں منعقد ہوئی۔ اس تقریب میں زیادہ تر جنوبی ایشیا سے تعلق رکھنے والی خاندانوں نے شرکت کی۔ جاوید میانداد نےاس موقع پر سفید رنگ کا سوٹ زیب تن کیا ہوا تھا۔ اطلاعات کے مطابق شادی پر انتہائی سخت حفاظتی انتظامات کیے گئےتھے۔ سکیورٹی فورسز اس تقریب پر نظر رکھے ہوئے تھیں اور انہیں امید تھی کہ داؤد یا ان کا کوئی قریب ساتھی اس شادی میں شرکت کے لیے آئے گا۔ شادی کی تقریب سے قبل جاوید نے اعلان کیا تھا کہ یہ تقریب خالصتاً ان کا نجی معاملہ ہے اور اس سلسلے میں کچھ بھی نہیں چھپایا گیا۔ دولہا جنید میانداد لندن میں زیر تعلیم ہیں اور وہیں ان کی ملاقات دلہن مہ رخ سے ہوئی تھی۔ اطلاعات کے مطابق شادی کی ایک اور تقریب اگست میں کراچی میں ہوگی۔ داؤد ابراہیم القاعدہ سے تعلق کے شبہے میں امریکہ کومطلوب ہیں۔ ان کانام سن دو ہزار تین سے امریکی وزارت خزانہ کی واچ لسٹ میں شامل ہیں۔ داؤد ابراہیم بھارت میں بھی پولیس کو مطلوب ہیں۔ ان پر انیس سو ترانوے میں ممبئی میں بم دھماکے کروانے کا الزام ہے جن میں تین سو سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے تھے۔ دوسری جانب داؤد ابراہیم نےممبئی بم دھماکوں سے اپنے تعلق کا انکار کیا ہے۔ بھارت کی سکیورٹی فورسز پاکستان پر داؤد ابراہیم کو پناہ دینے کا الزام عائد کرتی رہی ہیں جبکہ پاکستان نے داؤد کی ملک میں موجودگی سے ہمیشہ انکار کیا ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||