 |  غزہ سے انخلاء پر ریفرینڈم کا مطالبہ |
اسرائیل میں ہزاروں شہریوں نے غزہ سے اسرائیلی آبادکاروں کے انخلاء کے منصوبے کے خلاف مظاہرہ کیا۔ یروشلم میں پارلیمان کی عمارت کے باہر مظاہرہ کرنے والوں کی تعداد ایک لاکھ سے زیادہ تھی اور انہوں نے وزیر اعظم شیرون کے منصوبے کے خلاف پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے اور نعرہ بازی کر رہے تھے۔ ان کا مطالبہ تھا کہ اس منصوبے کو ملک میں ریفرینڈم کے لیے پیش کیا جائے تاکہ فیصلہ عوام کی مرضی سے ہو۔ اس سے قبل اسرائیل کے وزیر دفاع شاؤل موفاظ نے کہا تھا کہ غرب اردن کے کئی شہروں میں اسرائیل اگلے چند روز میں سیکیورٹی کی ذمہ داریاں فلسطینیوں کے حوالے کر سکتا ہے اور تجویز پر فلسطینی حکام سے مزید بات چیت ہوگی۔ تاہم انہوں نے تصدیق کی کہ قرنی، ایرز اور رفاہ کی سرحدی چوکیاں اگلے ہفتے کھول دی جائیں گی۔ |