اسرائیل فلسطینی رابطہ بحال | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
اسرائیلی وزیر اعظم ایریل شیرون نے اطلاعات کے مطابق فلسطینی انتظامیہ کے نو منتخب صدر محمود عباس کے ساتھ سفارتی رابطہ بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسرائیل نے دو ہفتے قبل غزہ میں چھ اسرائیلیوں کی ہلاکت کے بعد رابطہ ختم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اسرائیل نے اطلاعات کے مطابق شدت پسندوں کو چن چن کر ہلاک کرنے کی پالیسی ختم کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ فلسطینیوں کی طرف سے اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی کے لیے یہ ایک اہم شرط تھی۔ اسرائیل نے حالیہ مہینوں میں حماس اور اسلامی جہاد کے کئی اعلیٰ رہنماؤں کو اس پالیسی کے تحت ہلاک کیا تھا۔ خبر رساں ایجنسی رائٹر نے سیاسی ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ اسرائیلی اور فلسطینی رہنما جمعرات کو مل رہے ہیں۔ دریں اثناء بدھ کو بھی تشدد کا ایک واقعہ ہوا جس میں ایک فلسطینی ڈاکٹر کے مطابق غزہ میں ایک تین سالہ بچی اسرائیلی فوجیوں کی گولی کا نشانہ بن گئی۔ اسرائیلی فوج نے اس واقعہ کی تصدیق نہیں کی لیکن انہوں نے اتنا کہا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں نے ملک کے جنوب میں راکٹوں کے حملے کے جواب میں فائرنگ کی ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||