BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Tuesday, 02 November, 2004, 00:27 GMT 05:27 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
بش یا کیری: فیصلہ آج ہوگا

بی بی سی سنٹر
امریکہ میں بی بی سی کے دفتر میں انتخابات کی کوریج کی تیاری
مشرقی ساحل سے لے کر مغربی ساحل تک ہزاروں میل کے رقبے پر محیط اس ملک میں نو مہینے سے جاری انتخابی مہم کے بعد آج امریکی عوام فیصلہ کریں گے کہ اگلے چار برس کے لیے بر اعظم جتنے اس ملک کی مسند پر کون بیٹھے گا۔

میساچیوسٹ کے جان کیری یا ٹیکساس کے جارج بش۔ ووٹنگ اب چند گھنٹوں میں شروع ہوجائے گی۔

تاریخی اور عالمی اعتبار سے اہم اس الیکشن میں امریکی ووٹر اب بھی اتنا ہی منقسم ہے جتنا اس انتخابی مہم کے آغاز پر تھا۔

ٹی وی، ریڈیو اور اخباروں کے مبصرین کے لگا تار تبصروں اور ہر ریاست میں ہر ہفتے بدل جانے والے رائے عامہ کے جائزوں کے باوجود امریکہ اب بھی ایک بظاہر نہ ختم ہونے والے ابہام کی لپیٹ میں ہے۔

دونوں امیدوار اب میڈیا کی زبان میں فیصلہ کن ریاستوں کے دورے ختم کرکے اپنی اپنی بیس پر واپس پہنچ رہے ہیں جہاں ان کے مشیروں اور مہم کے اہلکاروں کی ایک فوج جدید طریقوں سے الیکشن کو مانیٹر کرے گی اور امید کرے گی کہ بدھ کی رات وہ وہ جشن منا سکیں جس کی امید لیے وہ نو مہینے سے دن رات محنت کررہے ہیں۔

اس الیکشن میں امریکہ اور اس کے باہر اتنی زیادہ دلچسپی کی بڑی وجہ ظاہر ہے عراق کی جنگ ہے اور انیس سو ساٹھ کی دہائی کے بعد یہ پہلی مرتبہ ہے کہ امریکہ میں خارجہ پالیسی کا کوئی موضوع الیکشن کا سب سے بڑا مسئلہ بن کر سامنے آیا ہے۔

صدارتی عہدے کے لیے انتخابی ٹکٹ لینے کی دوڑ میں جنگ مخالف ڈیموکریٹ امیدواری کے خواہشمند ہاروڈ ڈین کے شروع میں ہی باہر ہوجانے کے بعد الیکشن میں عراق کی جنگ بحث کی نوعیت بدل گئی اور موضوع یہ بنا کہ جنگ کرنا غلط نہیں تھا لیکن جس طرح یہ کارروائی کی گئی وہ غلط تھا۔

اگرچہ امریکہ کے داخلی مسائل اس مہم کا اتنا بڑا حصہ نہیں رہے لیکن پھر بھی کئی ریاستوں میں جنگ سے زیادہ پچھلے چار برس میں پھیلنے والی بے روزگاری ایک بڑا مسلہ بن کر سامنے آئی۔

ایک ایسے سماج میں جہاں ابھی تک دیہی آبادی قدرے قدامت پسند اور شہری لوگ لبرل مانے جاتے ہیں، اسقاط حمل کی اجازت، ہم جنسوں کی شادی اور سائینسی تحقیق کے لئے انسانی ایمبریوز کا استعمال بھی الیکشن مباحثوں اور سیاسی بیانات کا مرکز رہے۔

امریکہ کے طول و عرض میں چھوٹے چھوٹے دیہی علاقوں سے لے کر بڑے بڑے شہروں تک کروڑوں امریکی عوام اب سے چند گھنٹے بعد اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے لیکن نتیجہ جو بھی نکلے اور وہ خواہ کسی بھی امیدوار کا انتخاب کریں، امریکہ کے اگلے صدر کو ورثے میں ایک منقسم ملک ملے گا۔

اسی بارے میں
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد