 |  ووٹروں کے ساتھ دھونس دھاندلی نہیں ہونی چاہیے: مائیکل مُور |
امریکی فِلمساز مائیکل مُور نے، جنہوں نے صدر جارج بُش کی عراق اور القاعدہ کے بارے میں پالیسیوں پر تنقیدی فِلم بنا کر شہرت حاصل کی، کہا ہے کہ صدارتی انتحابات میں ووٹنگ کے دوران پولنگ سٹیشنوں کے باہر کیمرے سے ریکارڈنگ کی جائے گی۔ مائیکل مور نے کہا کہ یہ کیمرے دو اہم ریاستوں اوہایو اور فلوریڈا میں استعمال کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ دیکھنا چاہتے ہیں کہ ووٹروں کو دھونس کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ اس کام کے لیے بارہ سو افراد کو کیمرے دیئے جائیں گے۔ مور نے کہا کہ ’میں ان لوگوں کو متنبہ کرنا چاہتا ہوں جو ووٹروں کی رائے کو دبانے کا سوچ رہے ہیں، ووٹروں کے خلاف دھونس اور زبردستی برداشت نہیں کی جائے گی‘۔ |