فالوجہ پر امریکی بمباری کی حمایت | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
عراق کے وزیر اعظم نے فالوجہ پر امریکی بمباری کی حمایت کی ہے اور کہا ہے کہ ان کی حکومت نے ہوائی حملے کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ ایک بیان میں ایاد علاوی نے کہا ہے کہ ان کی عبوری حکومت نے حملے کے لیے ضروری خفیہ معلومات فراہم کی تھیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز عراقی شہر فالوجہ میں جہاں امریکی قابض افواج کے خلاف مزاحمت جاری ہے ایک مکان پر امریکی جنگی طیاروں کی بمباری سے کم سے کم دس افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ امریکی فوج نے تصدیق کی ہے کہ اس کے جہازوں نے ایک مکان پر چھ بم گرائے۔ امریکی فوج کے مطابق اس مکان میں عراقی ابو مصعب الزرقاوی کے حامی پناہ لیے ہوئے تھے۔ عراق کی عبوری انتظامیہ کو اقتدار کی منتقلی کے بعد امریکی فوج کی یہ پہلی بڑی کارروائی تھی جس میں دس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ انیس جون کے بعد سے اس علاقے میں امریکی فوج کا یہ پانچواں حملہ ہے۔ اس سے قبل امریکہ کہتا رہا ہے کہ وہ القاعدہ کے ایک رہنما ابومصعب الزرقاوی کے ساتھیوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔ امریکی اور دوسرے غیر ملکی فوجیوں پر حملوں کی ذمہ الزرقاوی پر عائد کی جاتی ہے۔ تاہم اس تازہ حملے سے متعلق دیئے گیے بیان میں امریکی ترجمان نے الزرقاوی کا ذکر نہیں کیا۔ یہ تازہ حملہ شام کے وقت کیا گیا جس میں مذکورہ مکان پر پانچ سو پاؤنڈ کے چار اور ایک ہزار پاؤنڈ کے دو بم گرائے گیے۔ ایک عینی شاہد نے خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ اس نے نشانہ بنائے مکان کے پاس ایک عورت اور چند بچوں کی لاشیں دیکھی ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||