نئی تصاویر، رمزفیلڈ پر مزید دباؤ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
امریکی صدر جارج بش عراقی قیدیوں سے ہونے والی بدسلوکی کے باعث ملک کے وزیر دفاع ڈونلڈ رمزفیلڈ کی مسخ ہونے والی ساکھ کو بچانے کے لئے پیر کو پینٹاگون کا دورہ کریں گے۔ عراقی قیدیوں کی تصاویر جاری کئے جانے کے سبب پیدا ہونے والے سکینڈل کے بعد اس بات پر زور دیا جاتا رہا ہے کہ امریکی وزیر دفاع ڈونلڈ رمزفیلڈ پر مستعفی ہو جائیں۔ تاہم امریکہ کے نائب صدر ڈِک چینی کا یہ کہنا ہے کہ امریکہ کو مسٹر ڈونلڈ رمزفیلڈ سے بہتر وزیر دفاع کبھی ملا ہی نہیں۔ البتہ امریکی فوجی کیمپوں میں تقسیم ہونے والے ایک اخبار میں واضح طور پر یہ کہا گیا کہ وزیر دفاع ڈونلڈ رمز فیلڈ کو ان کے عہدے سے برطرف کیا جائے۔ عراقی قیدیوں کے ساتھ بدسلوکی کی نئی تصاویر میں ایک برہنہ قیدی امریکی فوجیوں کے حصار میں سہما کھڑا ہے اور اس پر کتے بھونک رہے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق امریکی صدر جارج بش نے حکم دیا ہے کہ انہیں عراقی قیدیوں کے وہ تمام وڈیو اور تصاویر دکھائی جائیں جو پینٹاگون کی تحویل میں ہیں۔ صدر بش پیر کو پینٹاگون سے ایسے وقت میں بیان جاری کرنے والے ہیں جب امریکی انتظامیہ ڈونلڈ رمز فیلڈ کو بچانے کی سرتوڑ کوششوں میں مصروف ہے۔ نائب صدر ڈِک چینی نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ اس معاملے سے دور رہیں لیکن رمزفیلڈ کو نوجوان فوجیوں کے خاندانوں کی طرف سے تنقید کا سامنا ہے کہ عراقی قیدیوں سے بدسلوکی کا تمام تر الزام جونیئر فوجیوں پر ڈالا جا رہا ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||