میڈرڈ دھماکے: پانچ گرفتار | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
سپین میں حکومت نے میڈرڈ دھماکوں کے سلسلے میں تین مراکشی اور دو بھارتی شہریوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ اس بات کا اعلان سپین کے وزیر داخلہ اینجل ایسیبیس نے ایک نیوز کانفرنس میں کیا۔ جمعرات کو چار ریل گاڑیوں میں ہونے والے ان دھماکوں میں دو سو افراد ہلاک ہوگئے تھے جبکہ تقریباً چودہ سو افراد زخمی ہوگئے تھے۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا ان پانچوں افراد کو میڈرڈ کے مختلف مقامات سے پکڑا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان افراد کو نیشنل کورٹ کے حوالے کر دیا گیا ہے جو ان دھماکوں کی تحقیقات کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان گرفتاریوں کے بعد پولیس مزید تلاش کے لئے چھاپے مارے گی۔ تاہم انہوں نے کہا ہوسکتا ہے کہ ان افراد کا مراکش کی شدت پسند تنظیموں سے تعلق ہو تاہم اس وقت حتمی طور پر کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔ ادھر سنیچر کے روز دارالحکومت میں بائیں بازوں کے سینکڑوں کارکنوں نے حکمران جماعت پاپولر پارٹی کے دفتر کے باہر مظاہرہ کیا اور حکومت پر الزام لگایا کہ اس نے جان بوجھ کر القاعدہ کی بجائے باسک علیحدگی پسندوں پر ان دھماکوں میں ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا تھا۔ سپین میں اتوار کے روز عام انتخابات ہو رہے ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||