| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
’تیرہ روز بعد زندہ‘
ایران میں طبی اہلکاروں کا کہنا ہے کہ بام میں تباہ کن زلزلے کے تیرہ روز بعد ایک شخص کو ملبے سے زندہ نکالاگیا ہے۔ غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق چھپن سالہ اس شخص کو ایک امدادی ٹیم نے بدھ کی رات کو ملبے سے ڈھونڈ نکالا۔ اس شخص کو ایک یوکرینین فیلڈ ہسپتال میں لے جا گیا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ وہ اس وقت کوما میں ہے۔ چھبیس دمسبر کو آنے والے اس زلزلے میں قدیم شہر بام تباہ ہوگیا اور تقریباً تیس ہزار افراد ہلاک ہوگئے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جلیل نامی یہ شخص ٹوٹے فرنیچر کے نیچے دب گیا تھا جس کی وجہ ان کے اوپر ہوا کا راستہ بن گیا اور وہ اسی لئے زندہ رہا۔
ایک طبی اہلکار مہدی شادنوش نے خبر رساں ایجنسی رائٹرز کو بتایا کہ ’جب انہیں ہسپتال لایا گیا ان میں زندگی کے آثار بہت کمزور تھے۔ وہ یخبستہ تھے اور اب وہ کوما میں ہیں۔‘ تین جنوری کو بھی ایک نوے سالہ خاتون کو ملبے کے نیچے آٹھ روز تک دبے رہنے کے بعد زندہ پایا گیا تھا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ زلزلے کے ملبے کے نیچے پانی اور خوراک کے بغیر کسی کے لئے بھی تین روز سے زیادہ زندہ رہنا غیر معمولی بات ہے۔ کئی مرتبہ ایسا بھی ہوا ہے کہ ملبے میں دبے رہنے کے کئی روز بعد معجزاتی طور پر زندہ نکل آنے کی اطلاعات غلط ثابت ہوئی ہیں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||