کب دستخط فرمائیےگا۔۔۔ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان غلامی کے خاتمے کے بین الاقوامی کنونشن مجریہ انیس سو انچاس کو تو تسلیم کرتا ہے لیکن آج بھی ہمارے اردگرد بھٹہ مزدوروں، نسل در نسل قرض میں جکڑے ہوئے کھیت مزدوروں اور گھریلو ملازموں کی شکل میں لاکھوں غلام اور لونڈیاں موجود ہیں لیکن ہمیں نظر نہیں آتے۔ سرکاری و نیم سرکاری ملازمین اور صنعتی کارکنوں کے حقوق و مراعات کاغذی سطح پر ہی سہی لیکن قانونی دستاویز کی شکل میں کم ازکم موجود تو ہیں۔ مگر اس دائرے کے باہر جتنے غلام ہیں ان کا کوئی پرسانِ حال نہیں۔ اس ملک سے روزانہ سینکڑوں شہریوں کو بیرونِ ملک سہانے مستقبل کے خواب دکھا کر اور ان سے لاکھوں روپے بٹور کر نامعلوم بری اور بحری سفر پر روانہ کردیا جاتا ہے۔کچھ سمندر میں ڈوب جاتے ہیں۔کچھ سرحدی محافظوں کی گولیوں کا نشانہ بن جاتے ہیں ۔کچھ ڈی پورٹ ہو کر نڈھال حالت میں واپس کردئیے جاتے ہیں۔ اور جو منزلِ مقصود پر پہنچ جاتے ہیں وہ غیر قانونی ہونے کے ڈر سے باقی زندگی سولہ سولہ گھنٹے کی غلامی کرتے ہیں اور بلیک میل ہوتے رہتے ہیں۔ لیکن انہیں اس حال تک پہنچانے والے کراچی، لاہور، فیصل آباد، گجرات یا اسلام آباد میں اپنے ایئرکنڈیشنڈ دفاتر میں بدستور برقرار ہیں۔ اس ملک کے قوانین کے تحت اغوا برائے تاوان کی سزا موت ہے۔ اور مجرم پر انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں مقدمہ چلایا جاسکتا ہے۔ لیکن سینکڑوں لوگوں کو پراسرار طور پر غائب کردینے میں ملوث سرکاری اداروں اور ذاتی یا خفیہ تفتیشی مراکز میں شہریوں کو غیر معینہ مدت تک رکھنے والے حاضر سروس اہلکار اغوا کے قانون سے عملاً مستثنٰی ہیں ۔
اس ملک میں نافذ قوانین کے تحت اگر کوئی عیسائی ، یہودی ہندو ، سکھ یا پارسی کسی مسلمان کو کہے اسلام و علیکم تو یہ کوئی جرم نہیں ۔لیکن اگر کوئی احمدی کہے اسلام و علیکم تو وہ جیل جا سکتا ہے۔ اسی طرح اگر میں اٹھ کر آپ کے بارے میں یہ کہہ دوں کہ آپ نے قرآن یا رسول اللہ کے نام کی بے حرمتی کی ہے تو پہلے آپ پکڑے جائیں گے اور پھر آپ پر لگائے گئے جھوٹے سچے الزام کی تفتیش شروع ہوگی اور اس تفتیش پر بھی سیاسی اور مذہبی عمائدین کا سایہ رہے گا۔ بری ہونے کی صورت میں بھی یہ ضمانت نہیں ہے کہ آپ کتنی دیر زندہ رہیں گے۔ صدرِ مملکت جنرل پرویز مشرف نے تین بنیادی ترامیم والے تحفظِ حقوقِ نسواں بل پر تو دستخط کردیے۔ صدرِ مملکت تحفظِ حقوقِ غلاماں، تحفظِ حقوقِ تارکینِ وطن، تحفظِ حقوقِ مغویان اور تحفظِ حقوقِ اقلیت کے ترمیمی بل پر کب دستخط فرمائیں گے۔ |
اسی بارے میں آٹھ اکتوبر فیسٹیول01 October, 2006 | قلم اور کالم سرکاری خود داری24 September, 2006 | قلم اور کالم کہاں چلے گئے08 October, 2006 | قلم اور کالم مچھلی پکڑنا سکھا دو15 October, 2006 | قلم اور کالم امریکہ اور شیر22 October, 2006 | قلم اور کالم ڈوپنگ کون کررہا ہے؟29 October, 2006 | قلم اور کالم صدام پر فیصلہ، سخت سکیورٹی04 November, 2006 | آس پاس صدام حسین کو پھانسی کی سزا05 November, 2006 | صفحۂ اول | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||