ہمیشہ دیر کر دیتا ہوں میں | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ناردرن ایریا کے صدر مقام گلگت کا مسئلہ یہ ہے کہ ہندوکش، قراقرم اور ہمالیہ کے پہاڑی سلسلوں میں گھرا ہونے اور انتہائی شمال میں ہونے کے سبب یہاں ہرشے دیر سے پہنچتی ہے۔ مثلاً جب پاکستان کے تمام اہم مقامات کا ناطہ پکی سڑک سے جڑ گیا اسکے بعد شمالی علاقے کو بذریعہ شاہراہ ریشم پاکستان سے جڑنا نصیب ہوا۔ جب پاکستان بھر میں نجی اور سرکاری شعبے میں سو سے زائد یونیورسٹیاں بن گئیں اسکے بعد اب سے تین برس قبل اٹھائیس ہزار مربع میل میں پھیلے ہوئے ڈیڑھ ملین لوگوں کے حصے میں پہلی یونیورسٹی آئی۔ آج جبکہ پاکستان میں ہائی کورٹس اور سپریم کورٹ کی کئی بنچیں کام کررہی ہیں۔ناردرن ایریا میں ہائی کورٹ کے قیام کا صرف اصولی فیصلہ ہی ہو سکا ہے۔ پاکستان میں انیس سو تہتر سے نافذ آئین کے دائرے میں ناردرن ایریا کو لانے کا فیصلہ سپریم کورٹ نے چھبیس برس بعد انیس سو ننانوے میں سنایا لیکن آج تک یہ فیصلہ عمل طلب ہے۔ مگر اب آئینی اور سیاسی حقوق کا مسئلہ فرقہ واریت نے حل کردیا ہے۔ گلگت کے پرانے باسی بتاتے ہیں کہ اب سے بیس برس پہلے تک شیعہ سنی شادیاں ایک عام سی بات تھی۔ بلکہ کئی خاندانوں میں تو یہ بھی ہے کہ کچھ لوگ شیعہ ہیں تو تین چار سنی اور ایک آدھ اسماعیلی۔ آج یہ صورتحال ہے کہ لوگ عقیدے کے فرق کی بنیاد پر نظریں بدل رہے ہیں۔ محلے اور اسکول بدل رہے ہیں۔اگر ایک اسپتال کسی ایک فرقے کے اکثریتی علاقے میں ہے تو دوسرے فرقے کا مریض جانے سے گھبرا رھا ہے۔کچھ مقامی یہ بھی کہتے ہیں کہ نوکریوں میں میرٹ سے زیادہ عقیدہ دیکھا جارھا ہے۔ ڈھائی لاکھ کے لگ بھگ آبادی والے شہر گلگت میں قانون نافذ کرنے والے پانچ اداروں کی چوکیوں اور گشت پر کوئی ایک ملین روپے روزانہ کے خرچ کے باوجود پچھلے نو ماہ میں کوئی چونسٹھ لوگ بدامنی اور ٹارگٹ کلنگ کا لقمہ بن چکے ہیں۔ لیکن چار ماہ قبل کام شروع کرنے والی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت صرف ایک سزا سنا پائی ہے اور وہ بھی اسلحہ اسمگل کرنے کے الزام میں ایک ٹرک ڈرائیور کو۔ میں ابتدا میں عرض کرچکا ہوں کہ انتہائی دوردراز پہاڑی علاقہ ہونے کے سبب گلگت میں ہرشے دیر سے پہنچتی ہے۔باقی علاقوں کی نسبت یہاں بدامنی بھی دیر سے پہنچی۔دیکھنا یہ ہے کہ امن کتنا وقت لے گا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||