کترینا جاپانی سازش: امریکی ماہر | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
امریکہ کی ریاست میں اڈاہو میں موسمی پیشگوئی کے ماہر سکاٹ سٹیونز کا دعویٰ ہے کہ کیٹرینا طوفان آسمانی آفت نہیں بلکہ جاپانی مافیا یاکوزا کی سازش تھی۔ وہ اس سازش کے نظریے پر اتنا پختہ یقین رکھتے ہیں کہ انہوں نے اڈاہو ریاست کے ٹی وی سٹیشن کے پی وی آئی چینل چھ کی نوکری سے استعفی دے دیا ہے تاکہ وہ اپنے نظریے کو ثابت کرنے کے لیے کل وقتی کام کر سکیں۔ اڈاہو سٹیٹ جنرل ڈاٹ کام کے مطابق جناب سٹیونز اڈاہو ریاست کے شہر پوکاٹیلو کے باسی ہیں اور پوری ریاست میں موسم کے بارے میں اپنی پیشگوئی کی علامت مانے جاتے ہیں۔ انہوں نے پچھلی جمعرات کو آخری مرتبہ موسم کی پیشگوئی کرنے کے بعد یہ کہہ کر استعفی دے دیا کہ ان کو اپنی تحقیق کے لئے وقت نہیں مل رہا اور وہ اپنے پیشے کے ساتھ انصاف نہیں کرسکتے۔ جناب سٹیونز کی سارے امریکہ میں اس وقت شہرت ہوئی جب انہوں نے کیٹرینا طوفان کے بعد ایسوسی ایٹڈ پریس کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ جاپان کے یوکوزا مافیا نے روسی ساخت کے جنریٹروں سے طوفان پیدا کیا ہے تاکہ وہ ہیروشما کے ایٹمی حملے کا انتقام لے سکیں۔ اس خبر کے چھپنے کے بعد ان کو کوسٹ ٹو کوسٹ ریڈیو پروگرام ہی انٹرویو کیا گیا اور فوکس نیوز چینل کے مشہور بل او ریلی نے بھی ان کو مدعو کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ صرف جمعرات کے دن ان کو تیس ریڈیو سٹیشنوں سے دعوت نامے موصول ہوئے ہیں۔ جناب سٹیونز کا کہنا ہے کہ ’ آسمانوں میں شطرنج کا کھیل ہو رہا ہے (یعنی بڑی طاقتیں موسم تبدیل کرکے ایک دوسرے کو نقصان پہنچا رہی ہیں) ۔ اس کا اثر ہم سب پر پڑ رہا ہے کیونکہ ہم سب ایک ہی دھاگے میں پروئے ہوئے ہیں۔ ’وہ اپنے نظریات کے پرچار کے لئے ایک ویب سائٹ ( www.weatherwars.info ) انہوں نے اپنی ویب سائٹ پر اپنے خیالات کا اظہار کرے ہوئے لکھا ہے کہ روسیوں نے موسموں کو تبدیل کرنے کی جو اہلیت (جیو انجینئرنگ) حاصل کی ہے وہ قابل تعریف ہے۔ اس کو اس لیے بھی تسلیم کرنا پڑتا ہے کہ اس وقت جو موسمی تبدیلیاں ہو رہی ہیں ان کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔ اس کی شہادت ان ہتھیاروں سے ملتی ہے جن کو ہر روز آسانی سے بادلوں کے اوپر دیکھا جا سکتا ہے۔ ہر روز آسمانوں میں جو نقشے اور جیومیٹری کی اشکال نظر آتی ہیں ان سے صاف گواہی ملتی ہے کہ ہمارا موسم ہم سے چھین لیا گیا ہے۔ اب اس کو وہ لوگ اپنے مقاصد کے لئے استعمال کر رہے ہیں جو انسانیت کے دشمن ہیں۔ ان کے ٹی وی کے مینیجر بل فاؤچ کا کہنا ہے کہ جناب سٹیونز کے نظریات تو اپنی جگہ پر ہیں لیکن ان کی موسم کی پیش گوئی سب ٹی وی چینلوں سے زیادہ درست ہوتی ہے۔ جناب سٹیونز نے اپنی ویب سائٹ پر اپنے نظریے کو ثابت کرنے کے لئے بادلوں اور آسمان کی وہ تصویریں بھی دی ہیں جو ان کے خیال میں ثابت کرتی ہیں کہ کیٹرینا جیسے طوفان سازش کا نتیجہ ہیں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||