BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
آپ کی آواز
وقتِ اشاعت: Wednesday, 07 June, 2006, 14:59 GMT 19:59 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
کیا فرق ہے؟


فرق کیا ہے، چھ جون، حیدرآباد، دکن



سب سے پہلے تو پچھلے ہفتے کے پڑھنے والوں کو تسلّی دیتا چلوں کہ میں نے امانت کو بلاخیانت منزل تک پہنچا دیا ہے۔ ہندوستانی کسٹم والوں نے پاکستانی اور وہسکی دونوں کو چکھنے کی کوشش نہیں کی۔

البتّہ امیگریشن والے صاحب مجھے دیکھ کر کچھ سٹپٹائے۔ کہنے لگے: آپ یہاں نہیں آسکتے، آپ کو تو صرف دہلی، ممبئی یا واہگہ سے ہندوستان میں داخل ہونے کی اجازت ہے۔ میں نے کہا: بھائی، اب تو آگیا ہوں، کیا کیا جائے؟ انہوں نے گھبرا کر اپنے باس کو بلایا۔ باس نے کافی غور سے مجھے اور پاسپورٹ کو دیکھا۔ دو چار سوال کیے۔ پھر پہلے صاحب کو ہدایت دی کہ مجھے جانے دیں۔ اور یوں میرا ہندوستان کا دورہ شروع ہوا۔

میں یہاں اپنی بےنامی سے بہت خوش ہوں۔ سڑک چلتے لوگوں کے وہم وگمان میں بھی نہیں ہوتا کہ میں ہندوستانی نہیں (اور اگر ہوتا بھی ہے تو اتنے تہذیب یافتہ ہیں کہ ذکر نہیں کرتے۔) مثال کے طور پر میں میوزیم وغیرہ میں باآسانی ہندوستانی ٹکٹ پر گھس جاتا ہوں۔ غیر ملکیوں کے لیے ٹکٹوں کی قیمت عموماً دس گناہ زیادہ ہوتی ہے۔ دیکھنے میں بھی یہ شہر بالکل میرے آبائی شہر کراچی جیسا ہے۔

ذہن میں ایک نامعقول سوال ابھرا کہ اگر دونوں شہر واقعی ایک جیسے ہیں، تو پھر تقسیم کی کیا ضرورت تھی؟ اپنی تسلّی کے لیے میں نے ایک فہرست بنائی جس سے کراچی اور حیدرآباد میں فرق صاف نمایاں ہے۔

* حیدرآبادی خواتین اسکوٹر چلاتی ہیں۔ کراچی کی خواتین درمیانے طبقے کی ہوں تو بلینڈر چلاتی ہیں، امیر ہوں تو گاڑیاں، بہت امیر ہوں تو کچھ نہیں۔

* کراچی میں سڑک چلتے مرد زیادہ تر شلوار قمیض پہنے دکھائی دیتے ہیں۔ حیدرآباد میں صرف مجھ جیسے چند بےوقوف دیسی نظر آنے کی کوشش میں شلوار کرتا پہنتے ہیں۔ باقی سب پتلون قمیض۔

* حیدرآباد میں دیگر غیر ملکی نظر آتے ہیں۔ 11-9 کے بعد کراچی میں اکّا دکّا نظر آنے والے غیر ملکی یا تو نہایت مجبور ہوتے ہیں یا نہایت دلیر۔

* حیدرآبادی رکشوں میں‌ سائلینسر ہوتے ہیں۔

* حیدرآباد میں رات کو اگر بجلی جاتی ہے تو صرف چند منٹوں کے لیے۔ کراچی میں رات کو اگر بجلی آتی ہے تو صرف چند منٹوں کے لیے۔

* حیدرآباد میں آپ کے بچّے ’پاور رینجرز‘ اور ’پوکی مون‘ تیلگو زبان میں دیکھ سکتے ہیں۔ کراچی میں انہیں اردو میں ’ننجا ٹرٹلز‘ پر گزارا کرنا پڑے گا۔

* حیدرآباد میں کراچی بیکری ہے مگر کراچی میں حیدرآباد بیکری نہیں ہے۔

* حیدرآباد جس صوبے میں ہے (آندھرا پردیش) وہاں کی مادری اردو زبان بولنے والوں میں سے اڑتیس فیصد صوبائی زبان (تیلگو) بھی بولتے ہیں۔ کراچی جس صوبے میں ہے (سندھ) وہاں کے مادری اردو زبان بولنے والوں میں سے صفر فیصد صوبائی زبان (سندھی) بھی بولتے ہیں۔

* حیدرآباد کے آوارہ کتّے کراچی کے آوارہ کتّوں سے زیادہ تندرست ہیں۔

اور سب سے بڑا فرق۔

* حیدرآبادی بریانی کا سندھی بریانی سے کوئی مقابلہ نہیں۔


’آپ کیا کہتے ہیں‘

شفیع احمد، سعودی عرب
ضیاء صاحب ماشاءاللہ حیدرآباد آپ کو خوش آمدید کہتا ہے۔ کیا ہی بات ہو کہ پاکستان سے بہت زیادہ تعداد میں لوگ جنوبی ہندوستان بھی آئیں اور وہاں کی تہذیب کو جانیں۔ حیدرآباد کے لوگوں کو پاکستان آنے کی اجازت آسانی سے ملے اور ہم زیادہ قربت محسوس کریں۔ انشاءاللہ جب میں کراچی میں ہوں گا تو اپنا بلاگ آپ کے لیے لکھ بھیجوں گا۔

عدیل اظہر، کراچی
ایسا نہیں لگتا کہ ضیاء صاحب کراچی کے مستقل رہائشی ہیں۔ مہربانی فرما کر کراچی کی غلط تصویر پیش نہ کریں۔ اور افسوس کی بات یہ ہے کہ یہ بلاگ ایک ایسے شخص نے لکھا ہے جو کراچی کو اپنا گھر کہتا ہے۔

رضوان عباس، دمام
جیسے لاہور لاہور ہے، ویسے ہی کراچی کراچی اور حیدرآباد حیدرآباد ہے۔ ہر شہر کا اپنا انداز اور اپنی پہچان ہے۔

عمیر حسین، پشاور
ضیاء بھائی اس بار کراچی آئیں تو یہ سمجھیے گا کہ میں کسی نئے شہر میں آیا ہوں اور اس کا مقابلہ آپ اپنے ذہن کے بنائے ہوئے کراچی سے کیجئے گا تو آپ حیران رہ جائیں گے کہ دونوں میں کتنا فرق ہے۔ میرے کہنے کا مطلب ہے کہ ہم کسی چیز کے بارے میں اپنے ذہنوں میں جو تصور کر لیتے ہیں بس وہی ہمارے ذہن میں تمام عمر رہتا ہے۔

جاوید اقبال ملک، چکوال
آپ کا بلاگ انتہائی غور سے پڑھا اور یہ اندازہ لگایا کہ ہمیں اپنے حکمرانوں سےکوئی گلا نہیں ہونا چاہیے۔ جب ہماری اپنی حالت یہ ہے کہ چند روپوں کی خاطر ہم خیانت کر دیتے ہیں۔ آپ نے ٹکٹ کی رقم بچانے کے لیے اپنی شہریت بدل ڈالی اور خود کو انڈین شو کر دیا۔ کل کو ضرورت پڑنے پر آپ خود کو مسلمان سے یہودی بنا دیں گے۔ کیا ہم توقع کر سکتے ہیں کہ اگر آپ کو ’پی ایم‘ بنایا جائے تو کیا آپ پاکستان کے ساتھ انصاف کر سکیں گے؟ اگر نہیں تو پھر ہم حکومت سے گلا کیوں کرتے ہیں۔’ ہم سب حمام میں ننگے ہیں‘۔

محمد عدنان، لندن
ضیاء بھائی کا پہلی بار کوئی بلاگ اچھا لگا ورنہ تو سارے بلاگ اوپر سے گزر جاتے ہیں۔

اعجاز، لاہور
ضیاء بھائی آپ گجرات جائیں بی جے پی والے خود ہی سارا فرق سمجھا دیں گے۔

مدن لال
ضیاء کیا آپ نے سندھی بولنا سیکھی؟ یہ بہت افسوس کی بات ہے کہ اردو بولنے والے دوست سندھی سیکھنا ہی نہیں چاہتے۔ ان کو لگتا ہے کہ سندھی زبان کی کوئی اہمیت نہیں۔ سندھی زبان صدیوں پرانی زبان ہے۔ سندھ میں رہنے والے تمام اردو بولنے والوں کو سندھی سیکھنی چاہیے تاکہ وہ بہتر طور پر دوسرے رہائشیوں کے ساتھ گھل مل سکیں اور سندھ کی محبت کو محسوس کر سکیں۔

عمران، کراچی
حیدرآبادی کتے تندرست ہیں یہ آپ کے لیے فائدے کی بات ہے۔

فیصل حفیظ، سعودی عرب
ضیاء صاحب آپ نے دونوں شہروں کی اچھی تصویر پیش کی۔

شاہدہ اکرام، ابو ظہبی
چلو جی ضیاء صاحب انڈیا پہنچ ہی گئے اور بنا کسی مصیبت کے داخلہ بھی ہو ہی گیا۔ کیا مسئلہ ہے ضیاء صاحب آپ کے ساتھ بھلا سب جگہیں ایک جیسی کیسے ہو سکتی ہیں؟ جتنا بھی سب کچھ ایک جیسا ہو تہذیبوں ور روایات کے فرق کی وجہ سے بہت کچھ اور سا لگا ہی کرتا ہے۔ سو جو ہے جیسا ہے کہ بنیاد پر اس کو قبول کرنا ہوگا اور نہیں بھی قبول تو آپ کو کوئی مستقل تھوڑا ہی رہنا ہے جو وہاں اتنا زبردست تقابلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ حیدرآباد اور سندھ کا جب کوئی مقابلہ نہیں تو حیدرآبادی اور سندھی بریانی کا کیسے مقابلہ ہو سکتا ہے؟ نہیں بالکل نہیں، کبھی نہیں۔

ثناءاللہ خان خٹک، لاہور
ٹکٹ کے پیسے تو پورے دے دیا کرو۔ ویسے بھی جس ملک میں بھی پاکستانی جاتا ہے کچھ نیا ہی کر کے آتا ہے۔ زیادہ ٹنشن نہیں لینے کا۔

ثناء خان، کراچی
بس ضیاء بھائی آپ وہاں ہی رہ جائیں واپس نہ آئیں۔ آپ کی ضرورت حیدرآباد کو ہے کراچی کو نہیں۔


پہلا نام
خاندانی نام*
پتا
ملک
ای میل
ٹیلی فون*
* اختیاری
آپ کی رائے
بی بی سی آپ کی آراء میں کاٹ چھانٹ کر سکتی ہے اور اس بات کی ضمانت نہیں دے سکتی کہ موصول ہونے والی تمام ای میل شائع کی جائیں گی۔
نعیمہ بلاگنعیمہ بلاگ
حلال قرض اور حلال گوشت کا فرق
کھائیں تو کھائیں کہاںکھائیں توکھائیں کہاں
تھوڑے جھوٹ کے ساتھ عارف شمیم کا سارا سچ
عنبرخیری’سراسر دھوکا‘
بینک عنبر خیری کے پیسے کھا گیا
حسن بلاگ ’بی بی سی محلہ‘
فرائیڈ کی بیٹی اور بش ہاؤس کا پاک ٹی شاپ
اسی بارے میں
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد