کینیڈا تجھے سلام | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
کینیڈا دنیا کا وہ واحد ملک ہے جو نہ صرف رقبہ کے لحاظ سے دنیا بھر میں سب سے بڑا ملک ہے بلکہ ظرف کے لحاظ سے بھی دنیا کا وسیع ترین ملک ہے۔ دنیا بھر سے آئی ہوئیں ہر رنگ و نسل کی قومیں یہاں آباد ہیں اور یہ رنگ و نسل کا حسین امتزاج بلاشبہہ کینیڈا کو دنیا کا خوبصورت ترین ملک بھی بنادیتا ہے۔ ایک پاکستانی کینیڈین شہری ہونے کے ناطے میں یہ دعویٰ تو نہیں کرتی کہ یہ ملک تعصاب کی لعنت سے کلی طور پر پاک ہے، مگر اس حقیقت پر فخر محسوس کرتی ہوں کہ اس لعنت کے بداثرات بھی ہمارے دامن سے بہت دور ہیں جس کا ثبوت یہ ہے کہ یہاں ہر شعبہ ہائے زندگی اور گورنمنٹ کے اداروں میں، حتیٰ کہ گورنمنٹ کے اعلیٰ عہدوں پر بھی رنگ و نسل کا حسین امتزاح یونہی قائم و دائم نظر آتا ہے۔ کینیڈا اپنے مکینوں کو مکمل طور پر مذہبی آزادی دینے کے ساتھ ساتھ رائے کے اظہار اور انسانی حقوق کی ضمانت بھی دیتا ہے۔ یہاں ہر شہری کو برابر کے حقوق حاصل ہیں، خواہ اس کا تعلق کسی بھی قوم، رنگ یا نسل سے کیوں نہ ہو۔ میرا یہ عظیم وطن اپنے ہر شہری کی جان مال عزت و آبرو کی حفاظت کا ضامن ہے۔ یہ تحفظ وہ نعمت ہے جس کا اندازہ ہم جیسے تیسری دنیا کے ممالک سے آئے ہوئے لوگ بخوبی لگاسکتے ہیں جنہوں نے ایسے معاشروں میں آنکھ کھولی جہاں جان اور عزت کی حفاظت کی ضمانت مال و زر کی جھنکار پر ہوتی ہے یا اعلیٰ افسروں کی عزتیں ہی عزت سمجھی جاتی ہیں یا پھر اپنی جان اور عزت کی حافظت کرنے کے لئے بدمعاشی اور داداگیری کی نوبت آجاتی ہے، جہاں ایک عام شہری کی جان اور عزت کی حفاظت کے لئے کوئی قانون نہ ہو اور اگر ہو بھی تو اس پر عمل کرنے والا کوئی نہ ہو۔ ایسے معاشروں کے زخم خوردہ اس تحفظ کی قدر خوب جانتے ہیں۔ دنیا بھر کی تہذیب و ثقافت سے مزین میرا یہ وطن ایک ایسے دیدہ زیب فانوس کی مانند ہے جس کے ہر زاویے سے یہ تہذیبیں اور ثقافتیں رنگا رنگ روشنیوں کی صورت میں چھلکتی اور آنکھوں کو خیرہ کرتی ہیں۔ یہاں پر ہر قوم کے مذہبی تہوار و ثقافتی میلے بہت دھوم دھام سے منائے جاتے ہیں جن کی بدولت تہذیب و ثقافت کے اظہار اور دوسری قوموں کی تہذیبوں کو جاننے کے وسیع مواقع میسر ہیں۔ کینیڈا بذات خود ایک پرامن ملک ہے اور ’محبت سب کے لئے، نفرت کسی سے نہیں‘ کا نعرہ بلند کرتے ہوئے دنیا بھر کو امن کا پیغام دیتا ہے۔ کینیڈین شہری ایک ایسے خاندان کی طرح ہیں جس کا ہر فرد واحد قدرتی صلاحیتوں سے مالامال ہونے کے علاوہ ایک دوسرے کے ساتھ رحمدلی اور محبت کے اٹوٹ بندھن میں گُندھے ہوئے ہیں۔ یہاں ہر مقیم کسی بھی قوم پر اگر مصائب و آلائم کا دور آئے تو تمام قومیں رنگ و نسل کا امتیاز کیے بنا دل میں ہمدردی اور آنکھوں میں آنسو لیے ہم وطنی کا حق نبھاتے ہیں۔ کینیڈا کو ظاہری خوبصورتی کے لحاظ سے دنیا کا خوبصورت ترین ملک ہونے کا دعویٰ ہو یا نہ ہو مگر اس کی اس حسین سیرت نے اسے دنیا کے نقشے پر انفرادی اور امتیازی سطح پر لاکھڑا کیا ہے کیوں کہ آج اس دنیائے عالم میں کہیں امن کا حقیقی تصور قائم ہے تو وہ میرے وطن میں ہے اور اگر آج کہیں پر لوگ امن کے صحیح مفہوم اور انسانیت سے واقف ہیں تو وہ میرے یہ وہم وطن ہی ہیں۔ اور اگر آج کہیں ارضی جنت کا تصور قائم ہے تو وہ بھی میرے وطن کی بدولت ہے۔ تیری صورت سے کسی کی نہیں ملتی صورت نوٹ: بی بی سی اردو ڈاٹ کام پر ’آپ کی آواز‘ کے تحت اگر آپ کسی موضوع پر لکھنا چاہتے ہیں تو لکھ بھیجیں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||