ایرانی انتخابات اور فارسی کے بلاگر | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بی بی سی اردو ڈاٹ کام پر ہماری کوشش ہے کہ قارئین انٹرنیٹ کے ذریعے اپنی بات کہہ سکیں اور اپنے مسائل پر دنیا کی توجہ دلاسکیں۔ اس کوشش کے تحت ہم ’آپ کی آواز‘ کے تحت آپ کے مضامین اور آپ کی آراء شائع کرتے ہیں۔ لیکن اس طرح کی کوشش جسے انگریزی میں انٹرنیٹ پر بلاگ کے نام سے جانا جاتاہے، فارسی اور انگریزی زبانوں میں زیادہ کامیاب ہے۔ اسی لئے ہم یہاں حالیہ ایرانی انتخابات سے متعلق بلاگ کی چند کامیاب ویب سائٹوں کی تفصیلات شائع کررہے ہیں۔ فارسی بلاگ چار سال پرانا ہے۔ یہ بلاگ ایرانی حکومت کے کنٹرول سے آزاد ہیں اور اپنی آواز سرحدوں کے پار پہنچانے میں کامیاب ہورہے ہیں۔ ایران میں انتخابات سے چند ہفتے قبل سے ہی ایرانی بلاگ انتخابات سے متعلق اپنی آراء دنیا بھر میں فارسی پڑھنے والوں تک پہنچا رہے ہیں۔ کئی بلاگر جیسے زیتون، نکاہنگ، ایف ایم سخن، سمیع الدین ضیائی، بیلی، وغیرہ انتخابات کے بائیکاٹ کی اپیل کرتے رہے۔ بلاگر مسعود برجیان کا کہنا ہے: ’اس بار، بادشاہت کے حامی، کمیونسٹ اور حکومت کے پرانے مخالفین ہی نہیں، بلکہ ایرانی اصلاح پسندوں کے ریڈیکل حامی بھی انتخابات کے بائیکاٹ کی حمایت کررہے ہیں۔‘ تاہم سابق نائب صدر محمد علی ابطحٰی نے، جو خود بھی ایک بلاگر ہیں، بلاگروں سے اپیل کی ہے کہ ملک میں رہنے والے لوگوں کے لئے فیصلہ کرنے میں چوائس کو مشکل نہ بنائیں۔ وہ کہتے ہیں: ’انتخابات کے بائیکاٹ سے آمرانہ امیدواروں کے لئے راستہ آسان ہوجائے گا۔ اور اس طرح ایران میں رہنے والے بلاگروں کے لئے مشکلات پیدا ہوجائیں گی اور انہیں قید کیا جاسکتا ہے۔‘ بہمان قلباسی جو کہ کینیڈا کے شہر ٹورانٹو میں ایک بلاگر ہیں، کہتے ہیں: ’انتخابات میں حصہ نہ لینا ایک تاریخی غلطی ہوگی۔ جمہوریت کا فروغ تبھی ہوگا جب زندگی کے تمام شعبے اپنے مطالبات آگے بڑھاتے ہیں۔‘ علی رضا دستدار اکبر ہاشمی رفسنجانی کے حامی بلاگر ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ وہ رفسنجانی کے لئے ووٹ ڈالیں گے۔ تاہم ایرانی بلاگ میں اکبر ہاشمی رفسنجانی کے حمایت میں کوئی خاص کچھ نہیں ہورہا۔ ان کے انتخابی مہم کے بارے میں بلاگروں نے کافی پروپیگنڈا کیا ہے۔ انتخابات کے پہلے دور کے دو امیدواروں مصطفیٰ معین اور محمد باقر کے بارے میں بھی کئی بلاگر حالیہ دنوں میں لکھتے رہے ہیں۔ یہاں ہم چند ایرانی بلاگروں کے پتے دے رہے ہیں۔ بلاگر: عباس معروفی بلاگر: کورش علیانی بلاگر: مسعود برجیان بلاگر: زیتون بلاگر: محمد علی ابطحٰی آنے والے دنوں میں بی بی سی اردو ڈاٹ کام کی جانب سے ’آپ کی آواز‘ کے تحت ہماری یہ کوشش ہوگی کہ آپ اپنے بلاگ لکھ سکیں اور اپنے گھر بیٹھے شائع کرسکیں۔ اس راستے میں کچھ تکنیکی دشواریاں ہیں جنہیں ہم جلد ہی دور کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ دریں اثناء اردو زبان میں کیا آپ کسی بلاگ کے بارے میں جانتے ہیں؟ اس بلاگ کے انٹرنیٹ پتہ کے ساتھ ساتھ اس بلاگر کے بارے میں آپ اپنی رائے ہمیں لکھ بھیجیں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||