 | | | میرے والد میری رہنمائی کریں گے:عمر |
نیشنل کانفرنس کے سربراہ فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ وہ اپنی پارٹی کو مشورہ دیں گے کہ ان کے بیٹے عمر عبداللہ کو جموں و کشمیر کا نیا وزیراعٰلی بنایا جانا چاہیے۔ 72 سالہ فاروق عبداللہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے تمام رات اس بارے میں سوچا اور انہیں لگتا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ ریاست کو ایک نوجوان وزیراعلی دیا جائے پارٹی عمر کو وزیر اعلٰی بنانے کے بارے میں غور کرے۔ فاروق عبداللہ کا یہ بیان خاصا اہم ہے کیونکہ کل رات انہوں نے بیان دیا تھا کہ وہ وزیر اعلی کا عہدہ سنبھالنا چاہیں گے جس کے بعد کنفیوژن پھیل گیا تھا۔ نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے 38 سالہ عمر عبداللہ کا کہنا تھا کہ ان کے والد ان کی رہنمائی کریں گے۔عمر نے مزید بتایا کہ کانگریس کے ساتھ اس سلسلے میں رسمی طور پر رابطہ قائم ہو چکا ہے کہ اور وہ کل کانگریس کے سینئیر رہنماؤں کے ساتھ بات چیت کے لیے دہلی جا رہے ہیں تاکہ حکومت سازی میں ان کی مدد لی جا سکے۔ عمر عبداللہ کا کہنا تھا کہ ’یہ فیصلہ ہو چکا ہے کہ نیشنل کانفرنس کی قانون ساز پارٹی کے اجلاس میں وزیر اعٰلی کے عہدے کے لیے میرا نام تجویز کیا جائےگا‘ تاہم ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ صرف نیشنل کانفرنس کا ہے اور دوسری اتحادی جماعتوں کی منظوری بھی لی جائے گی۔ |