جےپور: آیی پی ایل کا میچ سنیچر کو | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ہندوستان کے شہر جے پور میں دھماکوں کے بعد آئی پی ایل کرکٹ میچ آئندہ سنیچر کو کھیلا جائےگا اور اس میں ٹیم کے کپتان شین وارن سمیت سب ہی کھلاڑی حصہ لیں گے۔ دھماکے کے بعد بعض کھلاڑیوں نے جے پور کے میچز میں نہ کھیلنے کا اشارہ دیا تھا لیکن آئی پی ایل انتظامیہ نے بتایا ہے کہ سب کھلاڑی کھیلنے کے لیے تیار ہیں۔ انڈین پریمئر لیگ کے کمشنر للت مودی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ راجستھان رائلز کی پوری ٹیم آئندہ میچ میں حصہ لینے کے لیے جے پور جا چکی ہے اور اب یہ قیاس آرائی درست نہیں کہ بعض کھلاڑی دھماکے کے بعد میچ نہیں کھیلیں گے۔ ’ٹیم کے کپتان شین وارن نے بعض خدشات کا اظہار کیا تھا لیکن ان سے بات ہوئی ہے اور پوری ٹیم میچ کھیلنے کے لیے تیار ہے۔‘ اطلاعات کے مطابق دھماکوں کے بعد آسٹریلوی کھلاڑی شین وارن، شین واٹسن اور جنوبی افریقہ کے گریم سمتھ نے ٹیم سے عیلحدگی اختیار کرنے کے بارے اشارے دیے تھے جس پر آئی پی ایل انتظامیہ نے ان سے بات چیت کی ہے۔ جے پور میں اگلا مقابلہ سنیچر کو جے پور رائلز اور بنگلور رائلز کے درمیان کھیلا جائےگا جس کے لیے سخت سکیورٹی کے انتظامات کی باتین کی جا رہی ہیں۔ شہر کے بہت سے لوگوں میں دھماکوں کا خوف برقرار ہے اور شاید کرکٹ شائقین اب سٹیڈیم کم پہنچیں گے۔ جے پور کے ایک رہائشی ہونمان سائی کہتے ہیں’میں بھیڑ والی جگہوں پر جانے سے ڈرتا ہوں، ابھی بھی دھماکوں کا خطرہ ہے اس لیے اگر فری میں بھی موقع ملے تو میں میچ دیکھنے نہیں جاؤں گا۔‘ نورتن کہتے ہیں ’ہماری پولیس کا انتظام کچھ ایسا ہے کہ مجھے ان پر اعتماد نہیں، مجھے میری جان پیاری ہے میچ نہیں‘۔ اور وینائک کہتے ہیں ’میں تو عام طور پر بِھیڑ والی جگہوں پر نہیں جاتا ہوں تو اب دھماکوں کی خبریں سنتے سنتے جے پور میں اگلے میچ کے دیکھنے کا تو سوال ہی نہیں پیدا ہوتا۔‘ لیکن شوئیتا اس سے متفق نہیں ہیں۔’جو ہوگيا سو ہوگيا، اب زندگی تو نہیں رک سکتی اگر مجھے موقع ملےگا تو میں ضرور جاؤں گي‘۔وشال کہتے ہیں ڈر تو لگتا ہے لیکن میں پہلے ہی ٹکٹ خرید چکا ہوں اور میں جاؤں گا بھی، ویسے پولیس ہوگی تو زیادہ ڈرنے کی ضرورت کیا ہے‘۔ بم دھماکوں سے اگر کھلاڑیوں کے دل دہل گئے ہوں تو جے پور کے شہریوں کی آئی پی ایل دیکھنے سے متعلق رائے جدا جدا ہونا کوئی تعجب کی بات نہیں ہے۔ میچ سنیچر کو ہوگا اور کھلاڑی بھی جے پور پہنچ گئے ہیں۔ ہوٹل میں میچ کے امپائر بلی باؤڈن بڑے خوشگوار موڈ میں دکھے اور میدان کی طرح وہ وہاں بھی لوگوں کو ہنسا رہے تھے جس سے یہ اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ میچ کے حوالے سے سب خوفزدہ نہیں ہیں۔ سنیچر کے میچ کے لیے سیکیورٹی زیادہ سخت ہوگی تو ظاہر ہے اس سے کرکٹ شائقین کی مشکلیں بڑھیں گی اور امکان ہے کہ ہفتے کے روز جے پور میں شاید چوکوں اور چھکوں پر تالی بجانے والوں کی کمی دکھے۔ |
اسی بارے میں جے پور: زندگی معمول پر آ رہی ہے15 May, 2008 | انڈیا جےپور:مشتبہ شخص کا خاکہ جاری15 May, 2008 | انڈیا ہربھجن:پانچ ون ڈے میچوں کی پابندی 14 May, 2008 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||