فوٹوگرافر بےہوش، احتجاج | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ابھیشیک اور ایشوریہ رائے کے موقعہ پر امیتابھ بچن کے گھر کے باہر سکیورٹی گارڈز نے مبینہ طور پر ایک فوٹو گرافر کو اتنا مار کہ وہ بے ہوش ہو کر سڑک پر گر گیا۔ تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایشوریہ رائے ہفتے کو باندرہ میں واقع اپنےگھر سے رخصتی کی رسم کی ادائیگی کے بعد پھولوں سے سجی گاڑی میں آرہی تھیں۔ اس کار کی تصاویر اتارنے کے لیے کھڑے ایک فوٹو گرافر کو سکیورٹی گارڈز نے اتنا مارا کہ وہ بیہوش ہو گیا۔ اسے وہاں موجود صحافی اور دیگر فوٹوگرافرز قریبی آروگیہ ندھی ہسپتال لائے جہاں ابھی اس کا علاج جاری ہے۔ جوہو پولس سٹیشن کے سینئر پولس انسپکٹر پردیپ شندے نے بی بی سی کو بتایا کہ ہسپتال میں زیر علاج فوٹو گرافر بی ایل سونی کا بیان قلمبند کر لیا گیا ہے اور سکیورٹی گارڈ کے حملہ اور مارپیٹ کا کیس درج کیا ہے۔ دریں اثناء تقریباً پچاس صحافیوں اور فوٹوگرافرز کا ایک گروپ امیتابھ بچن کے بنگلہ پرتیکشا کے سامنے احتجاج کر رہا ہے۔ ان کا مطالبہ ہے کہ امیتابھ بچن سکیورٹی گارڈز کی اس حرکت کے لیے صحافیوں سے معافی مانگیں۔ زخمی بی ایل سونی ڈیلی نیوز اینڈ الائنسس ( ڈی این اے ) اخبار کا فوٹوگرافر ہے۔ اٹھارہ اپریل سے شہر کے تمام ٹی وی چینل اور اخبارات کے فوٹوگرافر اور صحافی دن رات اس شادی کی کوریج کر رہے ہیں۔ ایشوریہ باندرہ کے گھر سے پہلے امیتابھ کے بنگلے پرتیکشا میں آنے والی تھیں۔ پرتیکشا کے سامنے گزشتہ روز کی طرح آج بھی فوٹوگرافرز کا مجمع تھا۔ شام سات بجے کے قریب سفید پھولوں سے سجی بی ایم ڈبلیو کار جوہو روڈ پر آئی۔
بی ایل سونی نے بی بی سی کو بتایا کہ وہ کار خود امیتابھ بچن چلا رہے تھے اور اس میں ابھیشیک اور ایشوریہ رائے موجود تھیں۔ سونی کا کہنا ہے کہ وہ کار کی تصویر لینا چاہتا تھا۔ حالانکہ وہ کار سے کافی دور تھا لیکن سیاہ لباس میں ملبوس سکیورٹی گارڈ نے اسے روکنے کے لیے ہاتھ میں موجود بڑی رائفل کا پچھلا حصہ اس کے پیٹ میں مارا۔ سونی کے مطابق جب اس نے مزید وار روکنے کے لیے رائفل کا بٹ پکڑ لیا تو دوسرے گارڈ نے اس کے پیٹ کے نچلے حصے میں جوتے سے مارا جس کے بعد اسے کچھ ہوش نہیں رہا۔ سونی نے بتایا کہ ابھی اس کے پیٹ میں شدید درد ہے اور ڈاکٹر اب اس کے پیٹ کا سی ٹی سکین کریں گے تاکہ پتہ چل سکے کہ چوٹ کہاں لگی ہے۔ پریس ٹرسٹ آف انڈیا خبر رساں ادارے کے صحافی آشیش اگاشے کے مطابق اس کے بعد دیگر صحافی سونی کی مدد کے لیے آگے بڑھے اور اس دوران دیگر صحافیوں کے ساتھ بھی ہاتھا پائی ہوئی جس میں پنجاب کیسری کے ستیش بھاٹے کو چوٹیں آئیں اور ایک ٹی وی چینل کا کیمرہ ٹوٹ گیا۔ اگاشے کا کہنا ہے کہ یہ سب ہوتا رہا اور کار بنگلہ کے اندر داخل ہو گئی۔ امیتابھ بچن کے بنگلے کی حفاظت کے لیے ممبئی کی ’ٹرگ‘ سکیورٹی ایجنسی کو امیتابھ بچن نے ذمہ داری دی ہے لیکن اسی کے ساتھ اتر پردیش سے امر سنگھ کے ساتھ آئے بلیک کمانڈوز اور سہارا گروپ کے گارڈز بھی اس شادی میں حفاظت کے لیے تعنیات کیے گئے ہیں۔ صحافیوں کے ساتھ ایسا پہلی مرتبہ نہیں ہوا ہے۔ حال ہی میں لز ہرلی اور ارون نائر کی شادی کے دوران صحافیوں کے ساتھ ہاتھا پائی ہو چکی ہے۔ ہالی وڈ اداکارہ انجیلینا جولی اور بریڈ پٹ جب فلم کی شوٹنگ کے لیے ممبئی آئے تھے تب ان کے باڈی گارڈز نے پہلے انجمن اسلام میں والدین کے ساتھ جھڑپ ہوئی تھی۔ ممبئی میں چند فوٹو گرافرز کے ساتھ بھی جولی کے باڈی گارڈز کی جھڑپ ہوئی تھی۔ پونے میں جولی کے گارڈ نے ایک غیر ملکی فوٹو گرافر کا گلا پکڑ لیا تھا جسے بار بار ٹی وی چینل پر نشر بھی کیا گیا تھا۔ |
اسی بارے میں نگاہیں ایش ابھیشیک کی شادی پر15 April, 2007 | انڈیا رچرڈ گئر کے بوسے اور جیا کی پری 16 April, 2007 | انڈیا ایش کی ابھیشیک سے شادی ہوگئی20 April, 2007 | انڈیا | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||