کشمیر: تین خواتین سمیت 6 ہلاک | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ہندوستان کے زيرانتظام جموں کشمیر کی پولیس کا کہنا ہے کہ سنیچر کی رات دو مختلف واقعات میں تین خواتین سمیت چھ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں تین خواتین اور دو اہم شدت پسند شامل ہیں۔ جموں پولیس کے اعلی اہلکار ایس پی وید نے بتایا کہ سنیچر کی رات ادھم پور ضلع کے ڈلواہ گاؤں میں واقع محمد ادا بھٹ کے گھر پر بعض مسلح شدت پسندوں نے حملہ کیا اور گھر میں داخل ہو کر گولیاں چلانی شروع کر دیں۔ پولیس کے مطابق اس حملے میں 55 سالہ بھٹ ان کی 50 سالہ بیوی اور 22 سالہ بیٹی ہلاک ہو گئے۔ مسٹر وید نے مزید بتایا کہ ان لوگوں کو ہلاک کرنے کے بعد شدت پسند وہاں سے فرار ہونے میں بھی کامیاب ہو گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس خاندان کی ہلاکت کے پیچھے دو وجوہات سامنے آ رہی ہیں۔ پہلی یہ کہ شدت پسندوں نے ان افراد کو فوج کا مخبر ہونے کے اندیشے کے سبب ہلاک کر دیا ہو یا پھر بعض شدت پسند مسٹر بھٹ کے خاندان کی دو لڑکیوں سے شادی کرنے کی خواہش رکھتے تھے لیکن مسٹر بھٹ نے اس شادی سے انکار کر دیا تھا۔ سکیورٹی فورسز نے ان شدت پسندوں کو پکڑنے کے لیئے پورے علاقے میں تلاشی کا کام شروع کر دیا ہے۔ دوسری جانب سنیچر کی رات ڈوڈہ ضلع میں فوج نے دو اہم شدت پسندوں کا ہلاک کرنے کا دعوی کیا ہے۔ مسٹر وید نے اس واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ فوج کو ضلع کے پھگھسو علاقے میں شدت پسندوں کی موجودگی کی خبر موصول ہوئی تھی اور جب اس علاقے میں شدت پسندوں کے خفیہ ٹھکانے پر فوج نے اپنی کارروائی شروع کی تو شدت پسندوں نے بھی فوج پر گولیاں چلانی شروع کر دیں۔ مسٹر وید کے مطابق فوج اور شدت پسندوں کے درمیان یہ جھڑپ تین گھنٹے تک جاری رہی۔ مسٹر وید نے بتایا کہ اس جھڑپ میں دو اہم شدت پسند ہلاک ہو گئے۔ پولیس کے مطابق مارے گئے افراد محمد احمد عرف ابو فرقار اور محمد عرفان عرف ابو عبداللہ ہیں۔ پولیس نے یہ بھی بتایا کہ یہ دونوں پاکستان کے شہری ہیں اور ان کا تعلق شدت پسند تنظیم لشکر طیبہ سے ہے۔ پولیس کے مطابق مارے گئے شدت پسندوں کے پاس سے ہتھیار کے علاوہ دس کلوگرام دھماکہ خیز مادہ بھی برآمد ہوا ہے۔ | اسی بارے میں کشمیر: دو شدت پسند ہلاک13 October, 2006 | انڈیا کشمیر میں فوجی سمیت تین ہلاک14 October, 2006 | انڈیا ’کشمیر سےدس ہزار افراد لاپتہ‘ 28 October, 2006 | انڈیا کشمیر میں ہڑتال سے زندگی متاثر 29 September, 2006 | انڈیا | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||