ریحانہ بستی والا بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ممبئی |  |
 | | | عدالت 55 ملزمین کا فیصلہ سناچکی ہے |
ممبئی میں ہونے والے انیس سو ترانوے بم دھماکوں کے خصوصی جج پرمود کوڈے نے بدھ کے روز مزید چار ملزمین کو قصوروار قرار دیا۔ عدالت میں جسٹس کوڈے کے سامنے چار ملزمین، ملزم نمبر اٹھارہ سلیمان گھاؤٹے، ملزم نمبر ستائیس رشید عمر الوارے، ملزم نمبر اکتیس یوسف خان اور ملزم نمبر چونتیس عبدالعزیزگھراٹکر پیش ہوئے۔ ان پر سیکھاڑی میں اسلحہ کی لینڈنگ اور ٹاڈا کی دفعہ 3(3) کے تحت کیس درج تھا۔ جج نے انہیں اس دفعہ کے تحت مجرم قرار دیا۔ عدالت اب تیز رفتار سے فیصلہ سنا رہی ہے۔ گزشتہ روز عدالت نے پانچ ملزمین کا فیصلہ سنایا جن میں یشونت ناگو، عباس داؤد اور شاہجہاں کو قصوروار قرار دیا۔ ان پر الزام تھا کہ انہوں نے شیکھاڑی سے اسلحہ کو شہر میں لے جانے کے لئے اپنے ٹریلرز دیے تھے اور اس کے بدلے ان سے رقم لی تھی۔ عدالت نے البتہ معین عبدالقادر اور اسماعیل آفاق پٹیل کو ناکافی ثبوتوں کی بناء پر بری کر دیا۔ بارہ ستمبر سے ممبئی کی خصوصی ٹاڈا عدالت نے تیرہ برس سے جاری مقدمہ کا فیصلہ سنانا شروع کیا ہے۔ اب تک عدالت نے 55 ملزمین کی تقدیر کا فیصلہ سنایا جس میں سے 49 کو عدالت مجرم قرار دے چکی ہے لیکن اسی کے ساتھ 15 کو ناکافی ثبوت کی وجہ سے رہا کر دیا گیا جن میں ٹائیگر میمن خاندان کی خواتین سمیت تین خواتین شامل ہیں۔ |