بھارت کو بھی خطرہ ہے: امریکہ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
دارالحکومت دلی میں امریکی سفارتخانے نے آئندہ دنوں میں ہندوستان میں القاعدہ کے ممکنہ حملوں کے بارے میں خبردار کیا ہے۔ سفارت خانے کے حکام نے امریکی شہریوں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ پندرہ اگست کو ہندوستان کے یوم آزادی کے موقع پر عوامی جگہوں پر جانے سے گریز کریں۔ ادھر حکومت نے یوم آزادی کے موقع پر پورے ملک میں سکیورٹی کے انتظامات سخت کر دیے ہیں۔ گزشتہ روز لندن میں دہشت گرد حملوں کی سازش کے پس منظر میں دلی میں امریکی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں دلی اور ممبئی جیسے شہروں کو بھی نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔ سفارت خانے کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے نشانے پر ہوائی اڈے، اہم سرکاری دفاتر اور ہوٹل جیسی عوامی جگہیں ہوسکتی ہیں۔ امریکی شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ چاک و چوبند رہیں اور بھیڑ بھاڑ والی جگہوں پر جانے سے گریز کریں۔ ہندوستانی حکومت نے اس خبر پر اپنا رد عمل ظاہر نہیں کیا ہے لیکن یوم آزادی کے موقع پر حکومت نے پورے ملک میں چوکسی بڑھا دی ہے۔ دلی اور ممبئی سمیت ملک کے سب ہی بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر حفاظتی انتظامات سخت کر دیے گئے ہیں۔ قومی سلامتی کے بارے میں اس طرح کے خدشات ظاہر کیے گئے تھے کہ ملک کی جوہری تنصیبات دہشت گردوں کے نشانے پر ہیں۔ حکومت نے ممبئی کے بھابھا ایٹمی ریسرچ اور چینائی کے کلپکّم جیسی جوہری تنصیبات کی حفاظت کے لیے خصوصی کمانڈو تعینات کیے ہیں۔ دلی میں پولیس نے لشکر طیبہ کے بعض مشبہ افراد کو گرفتار کرنے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔ انتظامیہ کو پندرہ اگست یعنی یوم آزادی سے قبل دہشت گرد حملوں کا خدشہ ہے اسی لیے اکثر شہروں میں احتیاطی تدابیر اختیار کی جارہی ہیں۔ ہر سال یوم آزادی کی تقریب سے پہلے سکیورٹی سخت کی جاتی ہے اور بہت سی گرفتاریاں بھی عمل میں آتی ہیں۔ | اسی بارے میں ممبئی دھماکے: ذرائع ابلاغ میں تذکرے13 July, 2006 | انڈیا ٹرین دھماکے: ممبئی سے ڈاکٹر گرفتار 24 July, 2006 | انڈیا ممبئی دھماکے:مسلم صحافی گرفتار31 July, 2006 | انڈیا بمبئ بم دھماکے: اب تک کی تحقیقات 09 August, 2006 | انڈیا | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||