’پینگوئن‘ اب اردو کتب چھاپےگا | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
برطانیہ کے مشہور اشاعتی ادارے پینگوئن نے اردو زبان کی کتابوں کی اشاعت کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ اس سلسلے کی پہلی کتاب ’تہاڑ میں میرے شب و روز‘ کا اجراء اسی ہفتے دلی میں ہو رہا ہے۔ یہ کتاب صحافی افتخار گیلانی کے جیل میں گزرے دنوں کی آپ بیتی ہے۔ افتخار کو پولیس نے پاکستانی خفیہ ایجنسی ’ آئی ایس آئی‘ کے ساتھ روابط کے الزام میں گرفتار کر کے جیل میں ڈال دیا تھا۔ بھارت میں سنہ انیس سو پچھہتر میں ایمرجنسی کے بعد کلدیپ نيئر، جے پرکاش نارائن اور لال کرشن ایڈوانی جیسے سیاسی قیدیوں نے جیل ڈائریاں لکھی تھیں جس کے بعد یہ پہلی جیل ڈائری ہے۔ افتخار گیلانی کہتے ہیں کہ’وہ سیاسی قیدیوں کے تجربات تھے اور یہ ایک عام قیدی کے ہیں۔ایک عام قیدی کی حیثیت سے میری کوشش یہ رہی ہے کہ فوکس مجھ پر کم رہے اور جیل کے اندر کے واقعات و جیل دنیا کے بارے میں لوگوں کو روشناس کرا سکوں۔ میں نے جیل سسٹم ، قانون، عدلیہ، انتظامیہ، صحافت اور افسر شاہی کی خامیوں کو اجاگر کرنے کی کوشش کی ہے‘۔ پینگوئن کے مقامی ایڈیٹر روی کمار کا کہنا ہے کہ کمپنی نے ہندوستان کی کئي علاقائی زبانوں میں کتابیں چھاپنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کی شروعات اردو زبان سے کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ’بعض لوگ کہتے ہیں کہ اردو ایک ختم ہوتی ہوئی زبان ہے لیکن میرے خیال سے یہ درست نہیں ہے اور یہ زبان مستقبل میں مزید بہتر و مقبول ہوتی جائےگی۔ چونکہ یہ خوب فروخت ہوگی اس لیے ہم چھاپ رہے ہیں‘۔
روی کمار کا کہنا ہے کہ پینگوئن کے پاس انگریزی کے ساتھ ساتھ دنیا کی کئی زبانوں کی بہترین کتابوں کے حقوق ہیں جنہیں اردو میں بھی متعارف کیا جائےگا۔ انہوں نے بتایا کہ ’ہم نے ابتداء افتخار گیلانی کی ’مائی ڈیز ان پرزنز‘ کے ترجمے سے کی ہے لیکن اردو میں لکھی گئی کئی کتابیں جلد ہی شائع کی جائیں گی۔کمپنی انگریزی کی طرح کمرشل فکشن، ادبیات، تاریخ ، سماجیات اور دیگر موضوعات پر کتابیں شائع کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ یہ ایک طویل المیعاد منصوبہ ہے اور ہم اسے آگے بڑھانے کی کوشش کرتے رہیں گے‘۔ جلدی آنے والی کتابوں میں کشمیر کے موضوع پر حمرئی قریشی اور ایودھیا پر سابق وزیراعظم نرسمہا راؤ کی کتابوں کے ترجمے شامل ہیں جبکہ پہلی اصل اردو کتاب شمش الرحمن فاروقی کا ناول’ کئی چاند تھے سرِ آسماں‘ اور حبیب تنویر کی سوانح عمری’مٹ میلی چدریا‘ہے۔ | اسی بارے میں ہندو مسلم رشتوں پر دستاویزی کتاب17 June, 2006 | انڈیا اردو شعبے میں پاک بھارت اشتراک27 May, 2006 | انڈیا پٹنہ کی خدا بخش لائبریری01 March, 2005 | انڈیا نوکرانی جو ادیب بن گئی21 September, 2004 | انڈیا | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||