 | | | گیارہ جولائی کے دھماکوں میں لگ بھگ 200 افراد ہلاک ہوئے |
جموں و کشمیر کے علاوہ ہندوستان کے دیگر علاقوں میں بھی حالیہ برسوں میں شدت پسند حملے ہوتے رہے ہیں۔ گزشتہ ڈیڑھ عشروں کے دوران انڈیا میں ہونے والے کچھ بڑے دھماکوں کی فہرست حسب ذیل ہے: گیارہ جولائی 2006 ممبئی کے ٹرین نیٹ ورک پر سات بم دھماکے ہوئے جن میں ہلاکتوں کی تعداد لگ بھگ 200 بتائی گئی ہے جبکہ 1000 کے قریب افراد زخمی ہوگئے۔ چودہ اپریل 2006 دہلی کی تاریخی جامع مسجد کے صحن میں جمعہ کی نماز کے فوری بعد دو دھماکے ہوئے لیکن یہ دھماکے معمولی نوعیت کے تھے۔ ان دھماکوں میں ایک درجن افراد زخمی ہوئے تھے۔ سات مارچ 2006 انڈیا کے مقدس شہر وارانسی میں بم دھماکے ہوئے جن میں لگ بھگ دو درجن افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔ انتیس اکتوبر 2005 ہندوستان کے دارالحکومت دہلی میں تین بم دھماکے ہوئے۔ ایک دھماکہ سروجنی نگر مارکیٹ، دوسرا مرکزئی دہلی اور تیسرا گووِند پوری کے علاقے میں ہوا۔ روشنیوں کے تہوار دیوالی سے قبل ہونے والے ان دھماکوں میں پچاس سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔ پچیس اگست 2003 ممبئی میں دو بم دھماکے ہوئے، ایک شہر کے تاریخی گیٹ وے آف انڈیا کے پاس اور دوسرا ممبادیوی مندر کے قریب۔ ان دھماکوں میں چالیس سے زائد افراد ہلاک اور 150 سے زائد زخمی ہوئے۔ پچیس ستمبر 2002 گجرات کے شہر گاندھی نگر میں واقع ایک مندر پر شدت پسندوں کے حملے کے بعد انڈین کمانڈوز کو ایک آپریشن کرنا پڑا۔ اس حملے دو درجن افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ تیرہ دسمبر 2001 دارالحکومت دہلی میں پارلیمنٹ کی عمارت پر کچھ مشتبہ شدت پسندوں نے حملہ کردیا جس میں ایک درجن افراد ہلاک ہوگئے۔ بارہ مارچ 1993 بابری مسجد کے انہدام کے لگ بھگ تین ماہ بعد ممبئی میں تیرہ طاقتور بم دھماکے ہوئے۔ ان دھماکوں کے نشانوں میں ممبئی سٹاک ایکسچنج اور بڑے بڑے ہوٹل شامل تھے۔ ان دھماکوں میں 250 سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔ بائیس دسمبر 2000 دہلی کے تاریخی لال قلعہ پر چند شدت پسندوں نے حملہ کردیا جس میں سکیورٹی کے عملے کے کچھ اہلکار مارے گئے۔ |