’ڈا وِنچی کوڈ‘ کی ریلیز مؤخر؟ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
'دی ڈا وِنچی کوڈ' کی فلم کے خلاف ممبئی میں مسلمانوں اور عیسائیوں کے سخت احتجاج کے بعد حکومت اب فلم کی ریلیز کو مؤخر کرنے پر غور کر رہی ہے۔ تاخیر کی بات اطلاعات و نشریات کے وفاقی وزیر پریا رانجن داس منشی نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ ’ہم ایک سیکیولر ملک ہیں اور کسی بھی حساس معاملے میں سوچ سمجھ کر فیصلہ کرنا ہوگا۔ ہمیں اس میں احتیاط سے کام لینا ہوگا۔‘ وزیر کا کہنا تھا کہ اس فلم کے خلاف انہیں دو سو سے زیادہ شکایتیں موصول ہوچکی ہیں اور اسی لیئے انہوں نے اس کی ریلیز سے پہلے ایک مخصوص سکرینگ کی درخواست کی ہے۔ وزیر نے کہا کہ ’ہمیں متحد رہنا چاہیے، ہم ایک سیکولر ملک ہیں۔‘ اس سے پہلے بھارت کے شہر ممبئی میں ’دی ڈا وِنچی کوڈ‘ کی فلم کے خلاف احتجاج میں مسلمان بھی شامل ہو گئےتھے۔ یہ فلم بھارت سمیت دنیا کے دیگر ممالک میں جمعہ انیس مئی کو نمائش کے لیئے پیش کی جانی ہے۔ ممبئی کے کیتھولِک عیسائیوں نے اس کی سخت مخالفت کی ہے اور ایک کیتھولک کارکن جوزف ڈیاس نے اعلان کیا ہے کہ فلم پر پابندی لگنے تک وہ بھوک ہڑتال کریں گے۔ عیسائیوں کا کہنا ہے کہ یہ ایک توہین آمیز فلم ہے کیونکہ یہ حضرت عیسی کے بارے میں جھوٹ پر مبنی ہے۔ منگل کو ممبئی میں مسلمان علماء کی تنظیم نے بھی فلم کی مذمت کی۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ فلم مسلمانوں اور عیسائیوں دونوں کے لیئے توہین آمیز ہے۔آل انڈیا سنی جمعیت العلماء کے جنرل سیکریٹری مولانہ منصور علی خان نے رائٹرز خبر رساں ایجنسی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ہمارے مشترکہ مذھبی اصولوں پر اس حملے کے خلاف ہندوستان کے مسلمان اپنے عیسائی بھائیوں کی مدد کریں گے۔‘ ثقافتی تنظیم رضی اکیڈمی کے صدر سید نوری نے بھی ایسے خیالات کا اظہار کیا ہے اور کہا ’اگر حکومت کچھ نہیں کرتی تو ہم خود کوئی طریقہ نکالیں گے تاکہ یہ فلم ہندوستان میں نہ دکھائی جائے ۔ اگر ضرورت ہوئی تو ہم تشدد پر اتر آئیں گے۔‘ بھارت میں کیتھولک عیسائیوں کی آبادی اٹھارہ ملین کے قریب ہے جن میں سے پانچ لاکھ ممبئی میں رہتے ہیں۔ |
اسی بارے میں ڈاونچی کوڈ: ’خیال نہیں چرایا‘13 March, 2006 | فن فنکار ڈاونچی کوڈ خیالات ’چرائے گئے‘27 February, 2006 | فن فنکار 'ورجن آن دی راک' عام نمائش پر15 October, 2005 | فن فنکار ہینکس کے آٹوگراف پر حراست30 September, 2005 | فن فنکار | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||