بھارتی فضائی تاریخ کا بڑا سودا | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بھارت کی سب سے بڑی نجی فضائی کمپنی’جیٹ ائر ویز‘ نے’ ائر سہارا‘ کو تیئس ارب روپے میں خرید لیا ہے۔ ہندوستان ميں نجی فضائی صنعت کی تاریخ کا سب سے بڑا سودا ہے۔ ممبئی میں ’جیٹ ائرویز‘ کے چیئرمین نریش گوئل نے صحافیوں کو بتایا کہ تیئس ارب کی خریداری کے اس سودے کا اثر ’جیٹ گروپ‘ کے مستقبل کے منصوبوں پر بالکل نہیں پڑے گا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ’سہارا‘ کی بین الاقوامی پروازوں کے لیے وہ حکومت سے اجازت ملنے کے بعد ہی کچھ طے کر سکيں گے۔ اس کے علاوہ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’سہارا‘ کے کئی قرض داروں کو’جیٹ‘ کے کھاتے میں منتقل نہیں کیا جائے گا۔ ’ائر سہارا‘ کے نائب صدر آلوک شرما نے ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ ’سہارا گروپ‘ نے اپنی مستقبل کی منصوبہ بندی کے تحت یہ فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ’سہارا گروپ کے ملازمین کے لیے کسی طرح کی کوئی پابندی نہیں ہے۔ انہیں کہاں کام کرنا ہے اس کا فیصلہ وہ خود کريں گے‘۔ اطلاعات کے مطابق سہارا کے ملازمین نے اس سودے پر اعتراض کیا ہے اور پائلٹوں سمیت کئی ملازمین نے احتجاج کا اعلان بھی کر دیا ہے۔ فی الوقت ملک کے فضائی بازار میں چالیس فی صد حصہ جیٹ ائرویز کا ہے جبکہ سہارا ائر لائن کا حصہ 13 فی صد تھا اور اب اس سودے کے نتیجے ميں ملکی پروازوں میں جیٹ ائرويز کا حصہ 50 فیصد سے زیادہ ہو جائے گا۔ جیٹ ائرویز کی شروعات 1995 میں لندن کے ایک سابق’ٹریول ایجنٹ‘نریش گوئل نے کی تھی۔ نوّے کی دہائی میں بھارت میں’اوپن ائر پالیسی‘ کے نفاذ کے بعد نجی فضائی کمپنیوں نے اپنی جگہ بنانی شروع کی تھی جبکہ اس سے قبل صرف سرکاری ائرلائن کو ہی پروازوں کی اجازت دی گئی تھی۔ نجی کمپنیوں میں جیٹ اور سہارا ہی ائرلائن بازار میں اپنی پہچان بنا سکے اور آہستہ آہستہ عوام میں سرکاری پروازوں سے زیادہ نجی پروازوں پر بھروسہ پیدا ہو گیا۔ اس سودے پر ہوا بازی کے ماہرین دیو ساگر سنگھ کا کہنا ہے کہ’اس سمجھوتے کے بعد آنے والے دنوں میں ایک قسم کی اجارہ داری قائم ہو جائے گی جو چھوٹی کمپنیوں کے لیے پریشانی کا سبب بن جائے گی‘۔ مسٹر سنگھ کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس سے سرکاری فضائی کمپنی کو بھی خطرات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اس وقت جیٹ ائرویز کے پاس 42 طیارے ہیں اور اس کی روزانہ 271 پروازیں پرواز کر تی ہیں۔ حال ہی میں جیٹ ائرویز کو لندن، سنگاپور اور کوالالمپور کے لیے پروازوں کی اجازت ملی تھی جبکہ جیٹ ائرویز امریکہ کے لیے جلد ہی پرواز شروع کرنے والی ہے۔ اس سمجھوتے کے بعد جیٹ ائرویز اب ’سہارا‘ کے تقریباً 24 طیارے استعمال کر سکےگی اور ساتھ ہی حال ہی میں لندن پرواز کے لیے جو اجازت سہارا ائر لائن کو ملی تھی وہ اب جیٹ ائرویز کے اختیار میں آجائے گي۔ | اسی بارے میں ائیرانڈیا 68 نئے جہاز خریدےگا 16 December, 2005 | انڈیا سیاچن کے لیے پرائیویٹ پروازیں 15 July, 2005 | انڈیا بھارت میں سستی پروازوں کاآغاز 09 February, 2005 | انڈیا | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||