منموہن پاکستان نہیں جا رہے: سرنا | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ہندوستان نے کہا ہے کہ فی الوقت وزیرِاعظم منموہن سنگھ پاک بھارت کرکٹ سیریز کے دوران پاکستان جانے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے ہيں۔ پاکستان کے صدر جنرل پرویز مشرف نے ہندوستان کے ایک نجی ٹی وی چینل کو ایک خصوصی انٹرویو کے دوران مسٹر سنگھ کو پاکستان آنے کی دعوت دی تھی۔ ہندوستانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نوتیج سرنا کا کہنا ہے کہ’اس وقت وزیرِاعظم منموہن سنگھ موجودہ سریز کا کوئی بھی میچ دیکھنے کے لیے پاکستان جانے کا ارادہ نہیں رکھتے ہیں‘۔ مسٹر سرنا نے یہ بیان میڈیا میں آنے والی ان خبروں کے بعد دیا جن میں کہا جا رہا تھا کہ پاکستان کے دفتر خارجہ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ہندوستانی وزیرِاعظم منموہن سنگھ نے موجودہ سیریز میں کوئی ایک میچ دیکھنے کے لیے پاکستان آنے کی دعوت قبول کی ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان جاری امن مذاکرت میں مزید بہتری کے لیے کرکٹ کے کھیل نےایک اہم کردار ادا کیا ہے۔ گزشتہ برس پاکستان کے صدر پرویز مشرف ایک روزہ میچ دیکھنے کے لیے خاص طور پر دلی آئے تھے اور کرکٹ کے علاوہ دونوں رہنماؤں نے امن مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق رائے بھی ظاہر کیا تھا۔ اس سے قبل ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے چودہ برس بعد دو ہزار چار میں پاکستان کا دورہ کیا تھا جہاں کرکٹ کے شائقین نے ہندوستانی کھلاڑیوں کا گرم جوشی سے خیر مقدم کیا تھا۔ پاکستان اور ہندوستان دونوں ملکوں میں ہی کرکٹ شائقین ایک بڑی تعداد میں موجود ہیں اور ان دنوں ملکوں کے لیے کرکٹ صرف ایک کھیل نہیں ہے ۔ | اسی بارے میں | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||