ابھی صرف ایک جگہ سے | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بھارتی حکام کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ سات نومبر کو ایل او سی صرف پونچھ میں چکن دباغ کے مقام سے کھولی جائے گی۔ بھارت وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ دیگر دو مقامات میں سے اڑی کے مقام پر نو نومبر کو جبکہ ٹٹوال میں ایل او سی دس نومبر کو کھلے گی۔ ابتدا میں زلزلے سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے بھارت اور پاکستان نے پانچ مقامات پر ایل او سی کھولنے پر اتفاق کیا تھا لیکن دو مقامات سے ایل او سی کھولنے کا پروگرام پہلے ہی ملتوی کر دیا گیا تھا۔ وزارت خارجہ کے بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایل او سی کھولنے کے لیے جن مقامات کی نشاندہی کی گئی تھی ان کے راستوں کی مرمت کا کام اب بھی جاری ہے اس لیے فی الوقت یہ صرف ایک مقام پر ہی کھولی جائےگی اور بعد میں دوسری جگہوں پر یہ کوشش کی جائےگی۔ اسلام آباد میں دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے بتایا کہ بھارتی حکومت نے انہیں اطلاع دی ہے کہ پیر کو ایل او سی کچھ تکنیکی وجوہات سے صرف ایک مقام پر کھولی جائے گی۔ ایک سینیئر بھارتی افسر نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ ایل او سی ہفتے میں صرف ایک مرتبہ کھولی جائے گی اور ابتدائی طور پر ترجیح امدادی سامان کی روانگی کو دی جائے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ دونوں جانب کے لوگوں کو ایل او سی پار کرنے کی پیدل آنے جانے کی اجازت ہوگی لیکن اس کے لیے انہیں انتظامیہ کی طرف سے ایک خصوصی اجازت نامہ جاری کیا جائیگا۔ کشمیر میں انتظامیہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ پہلے روز ایل اوسی پار کرنے کے لیے بہت سی درخواستیں موصول ہوئی ہیں اور اسکی ایک حتمی فہرست تیار کی جا رہی ہے اور ابھی اس بات کی تصدیق نہیں ہوئی ہے کہ ایل او سی کھلنے کے پہلے دن کوئی شخص بھی سرحد پار جائے گا یا نہیں۔ ایل او سی پار کرنے کے خواہشمند لوگوں کو اجازت نامہ حاصل کرنے کے لیے کم سے کم دس روز قبل عرضی دینی ہوگی اور ان افراد کو ایک ہفتے تک رکنے کی اجازت ہوگی لیکن ضرورت پڑنے پر اس مدّت میں توسیع بھی کی جا سکتی ہے۔ دونوں ملکوں نے بات چیت کے بعد انتیس اکتوبر کو اتفاق کیا تھا کہ لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب کے کشمیریوں کی مدد کے لیے پانچ مقامات پر ایل او سی کھولی جائےگی اور اس کے لیے سات نومبر کی تاریخ متعین کی گئی تھی تاہم چند روز قبل ہندوستان نے کہا تھا کہ چونکہ راستوں کو ٹھیک کرنے کے لیے مزید وقت درکار ہے اس لیے حاجی پور اور میندھرکے علاقے میں کراسنگ پوائنٹ کھولنا سات نومبر کے بعد ہی ممکن ہوسکے گا۔ | اسی بارے میں ایل او سی: پہلےتین مقامات کھلیں گے 03 November, 2005 | انڈیا ایل او سی: امدادی مراکز کی تیاریاں 24 October, 2005 | انڈیا مراکز منگل سے کام کر سکتے ہیں 23 October, 2005 | انڈیا برسوں بعد کشمیریوں کے رابطے19 October, 2005 | انڈیا | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||