کانگریسی وزراء کو رشوت ملی: مصنف | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ہندوستان میں حزب اختلاف کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی نے اس انکشاف کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے کہ سرد جنگ کے دوران سابق سوویت یونین کی حکومت نے اندرا گاندھی کی حکومت کے سینیئر وزراء اور کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کو رشوت دی تھی۔ یہ انکشاف ایک نئی کتاب میں کیا گیا ہے جو سوویت یونین کی خفیہ ایجنسی ’کے جی بی‘ کے ایک سینئر ریکارڈ رکھنے والے اہلکار (آرکائیوِسٹ) وسیلی متروکھن نے لکھی ہے۔ اس کتاب ميں متروکھن نے اس بات کا ذکر کیاہے کہ کے جی بی نے اندرا گاندھی اور ان کی حکومت کے وزراء اور کانگریس پارٹی کو انتخابات لڑنے کے لئے کئی لاکھ روپئے دیے تھے۔ اس کتاب میں کانگریس پارٹی کے ساتھ ساتھ بائيں بازو کی جماعت پر بھی رشوت لینے کا الزام لگایا گیا ہے۔ اس کتاب کے اقتباسات اتوار کو ہندوستان کے اخباروں میں شائع کیے گئے ہیں۔ کتاب میں کہا گیا ہے کہ یہ رقم اتنخابات لڑنے کا خرچ اٹھانے اور پارٹی کے دوسرے کاموں کے لئے دی گئی تھی۔ کتاب میں 1973 کے دوارن کے جی بی کے سربراہ اولیگ کیلوگن کے حوالے سے کئی معاملات پر روشنی ڈالی گئی ہے ۔ کتاب میں سب سے دلچسپ بات یہ کہی گئی ہے کہ کیلوگن کے مطابق ’ایسا معلوم ہوتا تھا کہ اس دوران ہر شخص بکنے کے لئے تیارہے۔ کے جی بی اور مریکہ کی خفیہ ایجنسی سی آئے اے نے اپنی جڑيں گہرائی تک ہندوستانی حکومت میں پھیلا دیں تھیں۔‘ کیلوگن نے کتاب کے مصنف کو یہ بھی بتایا ہے کہ ایک بار ایک ایساموقع آیا تھا جب کے جی بی نے ایک ہندوستانی وزیر سے خبر لینے سے انکار کر دیا تھا کیوں کہ خبر دینے کے عوض میں وہ پچاس ہزار ڈالر کا مطالبہ کر رہے تھے۔ کتاب میں انکار کرنے کی اصل وجہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وہ خبر کے جی بی کو ہندوستانی وزارت خارجہ اور وزارت دفاع سے پہلے ہی مل چکی تھی۔ کانگریس پارٹی نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔ کانگریس پارٹی کی جنرل سکریٹری امبیکہ سونی نے بی بی سی اردو ڈاٹ کام سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’بلا کسی ثبوت کے اندرا گاندھی جیسی شخصیت پر اس طرح کے الزامات عائد کرنے پر کسی بھی طرح کا تبصرہ نہیں کیا جا سکتا ہے۔‘ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جس شخص نے یہ کتاب لکھی ہے انہیں اس وقت کے ہندوستان کے ماحول کا اندازہ ہی نہیں تھا۔ کمیونسٹ پارٹی نے بھی ان الزامات کو مزاحیہ قرار دیا ہے۔ سی پی آئی کے رہنما اتل انجان نے کہا کہ ’یہ کیسے ممکن ہے کہ رشوت کے طور پر جو رقم دی گئی ہو اس کی رسیدیں بھی موجود ہوں؟ یہ تو کسی جاسوسی ناول میں ہی ممکن ہو سکتا ہے۔‘ حزب اختلاف کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی نے اس کتاب میں کانگریس پر عائد کیے جانے والے الزامات کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’اس واقعے سے ایک بار پھر یہ واضع ہو گیا ہے کہ کانگریس کے ہاتھوں میں ہندوستان محفوظ نہیں ہے۔‘ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||