 | | | آتشبازی کے گودام کے پاس باقاعدہ لائسنس موجود تھا |
حکام کے مطابق بھارت کی شمالی ریاست بہار میں آتشبازی کے ایک بہت بڑے گودام میں دھماکے سے بتیس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ یہ واقعہ ریاست کے دارالحکومت پٹنہ کے قریب پیش آیا اور اس میں بیس افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔ مرنے والوں میں زیادہ تعداد بچوں کی ہے اور امدادی کارکن ملبے میں سے مزید لاشیں نکال رہے ہیں۔ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اس سے گودام کی دو منزلہ عمارت مکمل طور پر منہدم ہو گئی جبکہ اردگرد کی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔ مقامی ضلعی مجسٹریٹ بی راجندرا نے بی بی سی کو بتایا کہ پٹنہ سے تیس کلومیٹر دور خسرو پور میں واقع آتشبازی کے گودام کے پاس باقاعدہ لائسنس موجود تھا۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ ایسا لگتا ہے کہ گودام کے مالک کے مقررہ حد سے زیادہ آتشگیر مادہ گودام میں رکھا ہوا تھا۔ |