ائر انڈیا کا طیارہ حادثے سے بچ گیا | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
مسافروں سے بھرا ہوا ائر انڈیا کا ایک طیارہ ممبئی ائر پورٹ پر کھڑے پانی کی وجہ سے حادثے کا شکار ہونے سے بال بال بچ گیا ہے۔ بارش کے سبب چھتر پتی شیوا جی ہوائی اڈے کے رن وے پر پانی کھڑا ہو گیا تھا۔ بنگلور سے آنے والا طیارہ 747 لینڈنگ کرتے ہوئے پھسل کر کچی زمین پر چلا گيا۔ بنگلور سے براستہ ممبئی اور پھر فرنک فرٹ ہوتے ہوئے یہ فلائٹ شکاگو جانے والی تھی۔ اس میں تین سو پینتیس مسافر سوار تھے۔ ائر پورٹ کے حکام کا کہنا ہے کہ طیارے کی ’نوزوہیل‘ یعنی اگلے پہیے رن وے کی لائٹز سے ٹکرائے اور پھر کیچڑ میں دھنس گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق سات بجے پیش آیا تھا اور اس وقت تیز بارش ہو رہی تھی۔ شہری ہوا بازی کے وزیر پرفل پٹیل نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ واقعہ رن وے پر کڑے ہوئے پانی کی وجہ سے پیش آیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سبھی مسافر محفوظ ہیں اور اس واقعے کی تفتیش کا حکم دیا گیا ہے۔ ائر پورٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ مذکرہ رن وے تیز بارش کے بعد دوروز کے لیے بند کردیا گیا تھا لیکن جمعہ سے اسے پھر کھول دیا گیا۔ اس حادثے کے بعد اسے پھر بند کردیا گیا ہے۔ اس واقعے کے نتیجے میں ممبئی ائرپورٹ کی ٹریفک میں خلل پڑا ہے۔ کئی طیاروں کی پروازوں میں تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ بہت سی پروازں میں تاخیر ہوئی ہے اور کئی کو دوبارہ شیڈول کیا جارہا ہے۔ شدید بارش سے ممبئی سمیت پورے مہاراشٹر میں افرا تفری کا ماحول ہے۔ گرچہ معمول کی زندگی پھر شروع ہوتی جا رہی ہے لیکن بارش اب بھی ہوتی رہتی ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||