مہاراشٹر: بارشوں سے200 ہلاک | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ہندوستان کی ریاست مہاراشٹرمیں گزشتہ دو روز سے جاری شدید بارشوں کے نتیجے میں دو سو ہلاکتوں کی تصدیق کی گیی ہے۔ نائب وزیر اعلیٰ پی آر پاٹل نے بتایا ہے کہ یہ ممبئی کسی ایک دن کے دوران ہونے والی ریکارڈ بارش ہے اور اس کے نتیجے میں صرف ممبئی میں 83 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ اس سے پہلے ریاست کے وزیرِاعلی ولاس راؤ دیش مکھ کا کہنا تھا کہ اتوار سے اب تک 99 افراد کے ڈوبنے یا ہلاک ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے۔ ان کا بھی کہنا تھا کہ آج تک بھارت میں ایک دن میں کبھی اتنی بارش نہیں ہوئی۔ وزیرِاعلیٰ نے ریاست میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے اور سکول اور دفاتر بند کر دیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان بارشوں سے مہاراشٹرا کو اندازاً ایک سو دس ملین ڈالر کا نقصان پہنچا ہے۔ ریاست میں زیادہ تر اموات رائے گڑھ اور رتناگری کے اضلاع میں ہوئیں۔ امدادی کارروائیوں کے سربراہ کرشنا وستا نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ’ ہم ابھی تک کچھ علاقوں میں پہنچنے میں کامیاب نہیں ہو سکے ہیں جبکہ درجنوں افراد مٹی کے تودے گرنے سے ہلاک ہو چکے ہیں‘۔ مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی میں بیس افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔ شہر کا ایک تہائی حصہ پانی میں ڈوب چکا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ممبئی میں منگل کو چھبیس انچ بارش ہوئی۔
ممبئی میں بھارتی بحریہ کو امدادی کارروائیوں کے لیے طلب کر لیا گیا اور اس کے جوانوں نے شہر کے ریلوے سٹیشنوں، سڑکوں، دفاتر اور ہوائی اڈے پر پھنسے ڈیڑھ لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر پہنچایا۔ تیز بارش کے سبب ممبئی ائرپورٹ پر آنے جانے والی تمام مقامی اور بین الاقوامی پروازیں دوسرے دن بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔ رن وے پر پانی کھڑا ہوگیا ہے اور ہوائی اڈے پر کام کرنے والا عملہ بھی کام پر نہیں پہنچا ہے۔ ریل کی پٹڑیاں پوری طرح پانی میں ڈوب جانے کے بعد ممبئی کی لوکل ٹرین سروس بھی بند ہے۔ بارش سے عام زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ کئی علاقوں میں بجلی فراہم کرنے والی پرائیوٹ کمپنیوں نے بجلی کی سپلائی بند کر دی ہے اور شہر کی ٹیلیفون سروس بھی بارش سے متاثر ہوئی ہے۔ ممبئی میں بی بی سی کے نمائندے زبیر احمد کا کہنا ہے کہ شہر کی سڑکیں گاڑیوں سے بھری پڑی ہیں جن میں سوار افراد نے ان میں ہی رات گزاری۔ بھارتی محکمہ موسمیات نے اڑتالیس گھنٹوں میں مزید بارشوں کی پیشین گوئی کی ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||