بھارت: دُہری شہریت، بل منظور | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بھارت میں حکومت نے بیرونی ممالک میں رہنے والے بھارتی شہریوں کو دُہری شہریت کا حق دینے کے بارے میں قانون کی منظوری دیدی ہے۔ لیکن نئے مجوزہ قانون کے تحت پاکستان اور بنگلہ دیش میں بسنے والے ہندوستانیوں کو یہ حق حاصل نہیں ہو گا۔ کابینہ کی ایک اہم میٹنگ میں سنہ انیس سو پچپن کے شہریت ایکٹ میں تبدیلی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ بیرونی ممالک میں رہنے والے ہندوستانیوں کو دُہری شہریت دی جا سکے۔ اس قانون کے تحت چھبیس جنوری انیس سو پچاس کے بعد وہ تمام ہندوستانی شہری جو غیر ممالک ہجرت کر گئے تھے یا ان کے بچے دُہری شہریت کے مجاز ہونگے۔ لیکن یہ سہولت پاکستان اور بنگلہ دیش کے شہریوں کو حاصل نہیں ہوگی۔ اطلاعات و نشریات کے وزیر جے پال ریڈی نے اس قانون کی منظوری کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ متعلقہ وزارت سے کہا گیا ہے کہ وہ اس سلسلے میں نوٹس جاری کرے۔ دہری شہریت چاہنے والوں کو حکومت ایک اسمارٹ کارڈ جاری کریگی۔ پاسپورٹ کی طرح یہ کارڈ شہریت کا ثبوت ہوگا۔ دہری شہریت دینے کا فیصلہ واجپئی کی حکومت نے کیا تھا لیکن اسے قانونی روپ میں منموہن سنگھ کی حکومت نے منظور کیا ہے۔ پوروپی اور امریکی ممالک میں بسے ہندوستانی نژاد لوگوں کا کافی عرصے سے مطالبہ تھا کہ انہیں دُہری شہریت ملنی چاہیے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||