اڈوانی پاکستان جائیں گے | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بھارت میں حزب اختلاف کے رہنما اور بھارتیہ جنتا پارٹی کےصدر ایل کے اڈوانی جون کے اوائل میں پاکستان کا دورہ کریں گے۔ وہ پاکستان میں صدر پرویز مشرف، وزیراعظم شوکت عزیز اور حزب اختلاف کے مختلف رہنماؤں سے ملاقات کریں گے۔ نئی دلی میں بی جے پی کے ترجمان پرکاش جاویڈکر نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ مسٹر ایڈوانی جون کے پہلے ہفتے میں پاکستان جائیں گے۔ بعض ایجنسی کی خبروں کے مطابق مسٹر ایڈوانی ایک ہفتے کے دورے پر تیس مئی کو روانہ ہونگے۔ لیکن جاویڈکر کا کہنا تھا کہ یہ صحیح ہے کہ وہ جائیں گے لیکن پروگرام کو ابھی حتمی شکل نہیں دی گئی ہے۔ مسٹر اڈوانی پاکستان میں اسلام آباد کے علاوہ لاہور، کراچی اور اپنے آبائی شہر حیدرآباد سندھ کا دورہ کریں گے۔ پاکستان جانے کا ان کا پروگرام پہلے اپریل کے مہینے میں تھا۔ لیکن پارٹی کی مصروفیات کے سبب انہوں نے اسے ملتوی کردیا تھا۔ بی جے پی کے نائب صدر مختار عباس نقوی ایک ہندوستانی پارلیمانی گروپ کے ساتھ اس وقت پاکستان کے دورے پر ہیں۔ مسٹر نقوی نے پاکستان میں ایک بیان میں کہا ہے کہ اڈوانی کے پاکستان دورے سے دونوں ملکوں کے رشتے مزید بہتر ہونگے۔ اڈوانی پاکستان کے حیدرآباد سندھ میں پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے سنہ انیس سو ستر میں اطلاعات و نشریات کے وزیر کی حیثیت سے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ لعل کرشن اڈوانی کا شمار بی جے پی کے سخت گیر ہندو رہنماؤں میں ہوتا ہے۔ ابھی تک کے پالیسی کے سبب وہ پاکستان جانا پسند نہیں کرتے تھے۔ لیکن ہندوستان اور پاکستان کے درمیان امن مذاکرات کے سبب رشتوں میں بہتری آئی ہے۔ بدلتے حالات اور دوستانہ ماحول میں اڈوانی کے اس دورے سے تعلقات مزید بہتر ہونے کی توقع ہے۔ پاکستان کے صدر پرویز مشرف جب گزشتہ اپریل میں ہندوستان دورے پر گئے تھے تو انہوں نے مسٹر اڈوانی کو تحفے میں انکے اسکول کا سرٹیفکٹ اور کچھ یادگار تصویریں دی تھیں ۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||