ٹرین سے گر کر پانچ ہلاک | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
اتر پردیش میں ٹرین کی زد میں آکر پانچ افراد ہلاک ہو گۓ ہیں۔ ابتدائی اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ کچھ فوجی جوانوں نے غصے میں آکر ان افراد کو ٹرین کے ڈبے سے باہر پھینک دیااور نتیجتاً وہ دوسری طرف سے آرہی ایک ایکسپریس ٹرین کے نیچے آ کر ہلاک ہوگئے۔ ایجنسی کی خبروں کے مطابق ریلوے کے ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ اتر پردیش میں شکوہ آباد ریلوے اسٹیشن پر پیش آیا۔ دیر رات جب گنکا جمنا ایکسپریس ٹرین شکوآباد پہنچی تو مسافروں کی بھیڑ ڈبے میں سوار ہونے لگی۔ اس ڈبے میں بہت سے فوجی بھی سوار تھے اور انہوں نے مسافروں کے داخلے پر یہ کہ کر اعتراض کیا کہ ڈبے میں بھیڑ زیادہ ہو جائے گی۔ بھیڑ زیادہ تھی اور مسافر زبردستی کوچ میں داخل ہورہے تھے۔ فوجی جوانوں کو غصہ آگیا اور انہوں نے کئی لوگوں کو ڈبے سے باہر پھینک دیا۔ ان میں سے کچھ تو پلیٹ فارم پر گرے لیکن کچھ بغل والے ریلوے ٹریک پر گرے۔ اسی وقت دوسری جانب سے اسی پٹڑی پر آرہی سمپورن کرانتی ایکسپریس ٹرین انہیں روندتے ہوئے گزر گئی۔ مرنے والوں میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں چار فوجی جوانوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ان فوجیوں کا تعلق راجپوتانہ رائفل ریجمنٹ سے ہے۔ ہندوستان میں ٹرین سے مسافروں کے پھینکنے کے ماضی میں کئی ایسے واقعات سامنے آ چکے ہیں۔ گزشتہ برس ایک واقعے میں سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپئی کے ایک قریبی رشتے دار کو بھی ریل سے پھینک دیا گیا تھا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||